نئی دہلی(سپورٹس لنک رپورٹ) بھارت نے آئندہ ماہ دورہ سری لنکا کے لیے انڈر 19 ٹیم کا اعلان کر دیا اور سابق عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر کے بیٹے ارجُن ٹنڈولکر کو بھارتی ٹیم میں منتخب کر لیا گیا ہے۔بھارتی انڈر19 ٹیم رواں سال جولائی میں سری لنکا کا دورہ کرے گی اور جہاں وہ 2چار روزہ اور پانچ ون ڈے میچز کھیلے گی۔سابق بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کے بیٹے ارجن ٹنڈولکر کو 4روزہ میچ کے لیے بھارتی انڈر19 ٹیم کا حصہ بنا لیا گیا جو اپنے والد کے برعکس بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر ہیں لیکن انہیں ون ڈے ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ارجن ٹنڈولکر قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم سے بھی تربیت حاصل کر چکے ہیں اور ممختلف مواقعوں پر غیرملکی ٹیموں کے دورہ بھارت کے موقع پر نیٹ میں انہیں باؤلنگ بھی کر چکے ہیں۔ارجن ٹنڈولکر ممبئی انڈر19 ٹیم کی نمائندگی کرتے ہیں لیکن انہوں نے ابھی تک فرسٹ کلاس ڈیبیو نہیں کیا۔