کولمبو،دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان دنیش چندی مل پر گیند کی شکل کو خراب کرنے کا الزام ثابت ہو گیا جس کے سبب انہیں میچ فیس کے سو فیصد جرمانے سمیت ایک میچ کی معطلی کا مستحق قرار دیا گیا ہے اور وہ ویسٹ انڈیز کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔میچ آفیشلز کی جانب سے بال ٹیمپرنگ کے الزام کے بعد سری لنکن ٹیم نے کھیل جاری رکھنے سے انکار کردیا تھا جس کی پاداش میں کپتان دنیش چندی مل کے ساتھ کوچ چندیکا ہتھورو سنگھے اور منیجر اسانکا گروسنہا پر بھی پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا ہے جن پر اسپرٹ آف کرکٹ کی خلاف ورزی کا چارج لگایا گیا ہے اور تینوں دو سے چار ٹیسٹ میچوں کیلئے معطل کئے جا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کی تیسری صبح دو گھنٹے سے زائد کا کھیل سری لنکن ٹیم کے احتجاج کی نذر ہو گیا تھا جس کے سبب ان پر لیول تھری کا چارج لگایا گیا ہے جس کے تحت انہیں آٹھ ڈی میرٹ پوائنٹس کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس معاملے کی سماعت کے دوران دنیش چندی مل نے اعتراف کیا کہ انہوں نے جیب سے نکال کر کوئی چیز کھائی تھی لیکن انہیں یاد نہیں کہ وہ کیا تھا جس کے بعد واقعے کی ویڈیو دیکھ کر میچ ریفری جواگل سری ناتھ نے انہیں دو معطلی کے پوائنٹس ایوارڈ کردیئے۔ ذرائع کے مطابق سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان کو سزا کیخلاف اپیل کا حق حاصل ہے لیکن اگلی سماعت تیسرے ٹیسٹ کی صبح تک ممکن نہیں جس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا جبکہ اس کے نتیجے میں اسپرٹ آف کرکٹ کے چارج پر ایکشن لینے کا امکان بھی بڑھ جائے گا۔