انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھلاڑیوں کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ بیٹنگ، جیمز اینڈرسن بولنگ اور شکیب الحسن آل راؤنڈر کی فہرست میں ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں ابتدائی 10 بیٹسمینوں میں پاکستان کی جانب سے اظہر علی آٹھویں پوزیشن پر ہیں جب کہ 10 بہترین بلے بازوں میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور بھارت کے 2،2 جب کہ پاکستان، انگلینڈ، سری لنکا اور جنوبی افریقا کا ایک ایک بلے باز شامل ہے۔
آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ مسلسل دو سال سے ٹیسٹ رینکنگ میں سرفہرست ہیں اور انگلینڈ کے خلاف حالیہ پرتھ ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنانے کے بعد وہ ماضی کے مایہ ناز بلے باز ڈان بریڈمن کی سب سے زیادہ رینکنگ کے قریب پہنچ گئے۔
اسمتھ 945 پوائنٹس کے ساتھ بہترین بلے بازوں کی فہرست میں سرفہرست ہیں جب کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی 893 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور بھارت کے ہی چتسور پجارا نے ایک درجہ ترقی پا کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔
نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن چوتھی، انگلش کپتان جوئے روٹ پانچویں، ڈیوڈ وارنر چھٹی، ہاشم آملہ ساتویں، اظہرعلی آٹھویں، دنیش چندیمل نویں اور روس ٹیلر دسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
بہترین بولرز کی فہرست میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن 892 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر موجود ہیں اور 10 بہترین بولروں میں پاکستان کا کوئی بولر شامل نہیں۔
جنوبی افریقا کے کگیسو رابادا 876 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بھارت کے روندرا جدیجا تیسری، روی چندرن ایشون چوتھی، جوش ہیزلی وڈ پانچویں، رنگنا ہیراتھ چھٹی، نیل ویگنر ساتویں، مچل اسٹارک آٹھویں، نیتھن لیون نویں اور جنوبی افریقا کے ڈیل اسٹین دسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
پانچ بہترین آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں، بنگلادیش کے شکیب الحسن نے ٹاپ آل راؤنڈر پوزیشن پر قبضہ جمائے رکھا جبکہ بھارت کے روندرا جدیجا دوسرے، انگلینڈ کے بین اسٹوک تیسرے، روی چندرن ایشون چوتھے اور معین علی پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔