جوہانسبرگ: کرکٹ جنوبی افریقہ کا کہنا ہے کہ گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ کی منسوخی کے باعث بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا لیکن بہترین ماڈل کی بدولت اس نقصان کے باوجود بورڈ کی مالی حالت بہتر ہے۔
جنوبی افریقہ نے انڈین پریمیئر لیگ اور پاکستان سپر لیگ کی طرز پر رواں برس نومبر میں گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ کے انعقاد کا اعلان کیا تھا تاہم ٹی وی رائٹس کے معاہدہ نہ ہونے اور اسپانسرز کی عدم دستیابی کے سبب ازاں اسے ایک برس کیلئے ملتوی کر دیا گیا تھا اور اب یہ لیگ آئندہ برس نومبر میں شیڈول ہے۔
لیگ کے انعقاد میں ناکامی پر جنوبی افریقی بورڈ کے سربراہ ہارون لورگاٹ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور ان کی جگہ کرس نینزانی کو نے سربراہ کا عہدہ سنبھال لیا تھا۔
کرکٹ ساؤتھ افریقہ نے خصوصی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں بتایا کہ گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ کی منسوخی کی وجہ سے بورڈ کو 7.8 ملین ڈالرز سے زائد نقصان ہوا ہے جو کہ ہمارے اندازے سے آدھا کم ہے۔
جنوبی افریقہ نے انکشاف کیا تھا کہ ایونٹ کی منسوخی کی وجہ سے انہیں 25 ملین ڈالرز سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑے گا لیکن لیگ کی منسوخی کے نتیجے میں نقصان کے باوجود بورڈ کی مالی پوزیشن مستحکم ہے اور ہمارے پاس 60 ملین ڈالرز ریزرو پڑے ہوئے ہیں۔
بورڈ کے سربراہ کرس نینزانی نے کہا کہ ہم نے لیگ کی ناکامی سے سبق سیکھا ہے اور تحقیقات میں پتہ چلا کہ لیگ کی ناکامی کی وجہ شدید بدانتظامی تھی۔