قومی ویمن کرکٹ ٹیم کا اہم حصہ آل رانڈر اسماویہ اقبال اپنی زندگی کی نئی اننگز کا آغاز کرنے جا رہی ہیں، بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب گھر پر ان کا برائیڈل شاور ہوا جس میں قومی ویمن ٹیم کی ساتھی کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔
ملتان سے تعلق رکھنے والی اسماویہ اقبال نے 12 سال پہلے آج کے دن 28دسمبر 2005ء نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی سے بطور آل راؤنڈر قومی ویمن ٹیم میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔ اپنے کیریئر کے 12 سال مکمل ہونے پر30سالہ اسماویہ اقبال نے زندگی کی نئی اننگز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وہ 30 دسمبر کو رشتہ ازدواج سے منسلک ہوں گی۔
بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اسماویہ اقبال کا برائیڈل شاور ہوا جس میں قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں نے شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگادیے، اسماویہ اقبال کے برائیڈل شاور کی تصاویر کو سوشل میڈیا پر خوب پسند کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ آل رانڈر اسماویہ اقبال قومی ٹیم کی جانب سے اب تک 92 ایک روزہ میچز کھیل چکی ہیں
جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 922 رنز سکور کیے اور بطور بالر 70 وکٹس حاصل کی ہیں۔ وہ 68 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیل چکی ہیں جس میں انہوں نے 44 وکٹس حاصل کر رکھی ہیں۔