لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈربن ون ڈے میں کپتان سرفراز احمد اور جنوبی افریقی آل راؤنڈر فیلوک وائیو کے واقعے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی انسداد نسل پرستی (اینٹی ریسزازم) کوڈ نافذ کرنے کی منظوری دے دی۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ نیا کوڈ پاکستان سپر لیگ سے نافذ العمل ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے مجوزہ ڈومیسٹک کرکٹ ڈھانچے میں میچوں کی تعداد کم کرکے کوالٹی کرکٹ میچ کرانے پر بھی زور دیا ہے۔ اس وقت گراؤنڈ ز پر حد سے زیادہ میچ ہورہے ہیں۔لاہور میں ہونے والا گورننگ بورڈ کا اجلاس چھ گھنٹے جاری رہا جس میں نئے ڈومیسٹک کرکٹ ڈھانچے پراراکین کو بریفنگ دی گئی۔ اس بات پراتفاق کیا گیا کہ نئے ڈھانچے کے خاکے کو حتمی شکل دینےسے قبل اسے منظوری کیلئے بورڈ آف گورنرز کے سامنے پیش کیا جائے گا جس کےبعد یہ سسٹم لاگو ہوگا۔گورننگ بورڈ کی جانب سے نئے ڈھانچے کی سفارشات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ ٹاسک فورس جلد نیا ماڈل منظوری کیلئے بھیجے گی۔ انہوں نے کہا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں کوالٹی لانا چاہتے ہیں۔ گراؤنڈز اور پچز کا حد سے زیادہ استعمال ہورہا ہے ان ٹورنامنٹس میں ایسے کھلاڑی شرکت کررہے ہیں جن کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ ایسے کھلاڑیوں کے مستقبل کا بھی خیال رکھا جائے گا اور ان کیلئے بھی راستہ نکالیں گے تاکہ کھلاڑی بے روز گار نہ ہوں۔چیئرمین نے کہا کہ ڈومسیٹک ٹورنامنٹ میں مقابلے کا رجحان ہوگا اور اس ٹورنامنٹ سے ہمیں ٹاپ کلاس کھلاڑی ملیں گے۔ ڈومیسٹک سسٹم میں بہتری کے ساتھ ساتھ جونیئر ٹیموں کے دوروں کو دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ گورننگ بورڈ کے علم میں یہ بات آئی کہ 123 دن میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے پچاس دن کرکٹ کھیلی جس میں 8 ٹیسٹ، 8 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل شامل تھے۔