کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز فائنل میں نیشنل اسٹیڈیم میں مدِ مقابل ہوں گے تو انہیں بہت خوشی ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور قلندرز کے مالک فواد رانا کی سربراہی میں آنے والے پی ایس ایل فرنچائز کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔لاہور قلندرز کے مالک نے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ملاقات کے دوران اپنی ٹیم کی 1 نمبر والی اعزازی جرسی بھی پیش کی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔فواد رانا نے پاکستان سپر لیگ کو کراچی لانے میں وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے گزشتہ برس پی ایس ایل کو اپنایا اور اسے شہرِ قائد کا ایک باقاعدہ حصہ بنایا۔وزیرِ اعلیٰ سندھ نے لاہور قلندرز کے مالک سے سندھ بالخصوص حضرت لعل شہباز قلندر کی سرزمین سیہون سے نئے کھلاڑیوں کی تلاش کے لیے پروگرام شروع کرنے اور انہیں ٹیم کا حصہ بنانے کی درخواست کی ہے۔پی ایس ایل میچز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پچھلی مرتبہ کراچی میں صرف ایک ہی میچ کھیلا گیا تھا لیکن اس مرتبہ یہاں 5 میچز کھیلے جائیں گے۔اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرنے کے لیے بہت پُر جوش ہیں اور صوبے کے تمام لوگ بے چینی کے ساتھ اس کا ایونٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پی ایس ایل فرنچائز کے مالک کو پی ایس ایل میچز میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔