کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 28ویں میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رنز سے شکست دے دی۔کراچی کنگز اس فتح کے ساتھ پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا، لاہور قلندرز کی ٹیم پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔کراچی کنگز کے اوپنر کولن منرو اور بابر اعظم نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 69 رنز جوڑ کر ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب گامزن کرنے کی کوشش کی۔کولن منرور نے 2 چھکے لگا کر 26 گیندوں پر 30 رنز بنائے اور فواد احمد کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد لیونگسٹن میدان میں آئے لیکن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر رک نہیں سکے اور 6 رنز بنانے کے بعد محمد نواز کی گیند پر بڑی ہٹ لگاتے ہوئے کیچ آؤٹ ہوگئے۔وکٹ کی دوسری جانب بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے نمبر ایک بیٹسمین بابر اعظم نے اپنا روایتی کھیل جاری رکھا اور اسکور کو آگے بڑھاتے رہے۔ان کا ساتھ دینے کے لیے پی ایس ایل کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے کولن انگرام آئے جنہوں نے محمد نواز کو ان کے کوٹے کے آخری اوور کی آخری 2 گیندوں پر 2 چھکے لگا کر ٹیم کو دباؤ سے نکالا۔کولن انگرام 15ویں اوور میں 118 کے مجموعے پر برق رفتار 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے اور ان کے بعد 125 کے مجموعے پر بابر اعظم بھی پویلین لوٹ گئے جس سے ایسا محسوس ہورہا تھا کہ کراچی کنگز کی ٹیم بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہیں ہوپائے گی۔
چھٹے نمبر پر آنے والے افتخار احمد نے صرف 18 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 44 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو 5 وکٹوں کے نقصان پر 190 کے قابلِ اعتبار ٹوٹل تک پہنچا دیا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والا یہ میچ پاکستان میں راوں برس پی ایس ایل کا دوسرا جبکہ کراچی کنگز کا اپنے ہوم گراؤنڈ پر پہلا میچ ہے۔کراچی کنگز کے لیے یہ میچ بہت اہمیت کا حامل ہے جہاں اسے پلے آف مرحلے کے لیے ایک فتح ہی درکار ہے، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنی جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے کوشاں ہے۔اس میچ کے لیے کراچی کنگز نے 2 تبدیلیاں کرتے ہوئے محمد رضوان اور ایرون سمرز کی جگہ بین ڈنک اور سہیل خان کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔اسی طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے ایک تبدیلی کرتے ہوئے پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے اعظم خان کی جگہ آل راؤنڈر انور علی کو ٹیم میں شامل کرلیا۔ٹاس کے موقع پر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کی وکٹ اچھی اور گراؤنڈ چھوٹا ہے، تاہم یہاں بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ کراچی کنگز کو کم سے کم اسکور پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے کیونکہ کراچی کی وکٹ پر ہدف کا تعاقب آسان ہوتا ہے۔