نئی دلی (سپورٹس لنک رپورٹ) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ورلڈ کپ میں 5 ٹیموں کو مضبوط قرار دے دیا لیکن پاکستان کے بارے میں ان کی رائے ہے کہ وہ کسی بھی ٹیم کو ہراسکتے ہیں۔آسٹریلیا سے سیریز ہارنے کے بعد پریس کانفرنس میں ورلڈ کپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ ورلڈ کپ کے آغاز کے وقت کوئی بھی ٹیم فیورٹ نہیں ہوگی۔ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مضبوط نظر آتی ہیں، بھارتی ٹیم بھی مضبوط ہے اور اب آسٹریلیا کی ٹیم میں بھی بہتری آئی ہے۔انہوں نے پاکستان ٹیم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایسی ٹیم ہے جو اپنے دن پر کسی کو بھی ہراسکتی ہے۔ ویرات کوہلی نے قرار دیا کہ اتنی مضبوط ٹیموں کی موجودگی میں اصل اہمیت اس بات کی ہوگی کہ آپ ورلڈ کپ میں کس حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں۔خیال رہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کے مابین کھیلی گئی 5 ایک روزہ میچز کی سیریز انڈیا کی شکست کے ساتھ ختم ہوئی ہے۔ سیریز کے پہلے 2 میچز میں انڈیا نے کامیابی حاصل کی جب کہ آخری تینوں میچز میں پاکستانی نژاد عثمان خواجہ کی زبردست بلے بازی کی بدولت فتح آسٹریلیا کے نام رہی۔