کراچی(اسپورٹس رپورٹر) کے سی سی اے زونVIIکی زیر نگرانی فضل محمود نیشنل کلب چمپئن شپ میں ناظم آباد ینگسٹرز نے اسلام جیم خانہ کو 36رنز سے شکست دے کر تیسرے مرحلہ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ کاشف خان نے شاندار نصف سنچری اسکور کی جبکہ سید کاشان فہیم نے 35رنزکے عوض 4کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا پروانہ تھما کر اپنی ٹیم کی فتح کو آسان بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔راشد قریشی اور محمد ابرار فاتح ٹیم کے 3,3کھلاڑیوں کا شکار کرنے میںکامیاب رہے۔ ملک اسپورٹس نے الحمرا سی سی کیخلاف 7رنز سے سنسنی خیز کامیابی حاصل کی۔ فاتح ٹیم کے نجم وہاب نے27رنز کے ساتھ عمدہ بیٹنگ کی جبکہ مزمل بابر اور عالم زیب نے 3,3کھلاڑیوںکو نشانہ بنایا۔ناکام سائیڈ کے حمزہ رند 37رنز کے ساتھ ملک اسپورٹس کے نمایاںبلے باز رہے جبکہ کبیر چھیپا کی 4وکٹیں کارگر ثابت نہ ہوسکیں۔ناظم آباد جیم خانہ گراؤنڈ پر کھیلے گئے پہلے میچ میں ناظم آباد ینگسٹرز نے پہلے بیٹنگ کی اور 28.1اوورز میں 154رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔ کاشف خان نے 9چوکوں کی مدد سے 56رنز اور3چوکے لگا کر غازی غوری نے 36رنز جبکہ سید کاشان فہیم کے 25رنز 5چوکوں کی مرہون منت تھے۔ راشد قریشی اور محمد ابرار نے 3,3کھلاڑیوںکو میدان بدر کیا۔ارسلان معراج کے ہاتھ 2وکٹ لگے۔اسلام جیم خانہ کی جوابی اننگز 24.5اوورز میں 118رنز پر تمام ہوگئی۔ سمیر قریشی 18، محسن خان 14اور فاضل فضل نے 11رنز میں 2,2چوکے لگائے۔ سید کاشان فہیم نے شاندار بولنگ کی اور 35رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو میدان سے رخصت کیا۔جہانگیر اور عبدالباسط کو 2,2وکٹیں ملیں۔عمران جاوید اور شکیل احمد ایمپائرز جبکہ عمران علی آفیشل اسکورر تھے۔آصف آباد اسپورٹس گراؤنڈ پر ملک اسپورٹس 38.2اوورز کا سامنا کرکے 174رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین سدھار گئی۔نجم وہاب نے 4چوکوں کی بدولت 27،محمد بلال نے 2چوکے لگا کر 21اور شاہد مظفر کے 18رنز میں 2چوکے شامل تھے۔ مزمل بابر اور عالم زیب نے 3,3کھلاڑیوںکو پویلین واپسی کا ٹکٹ تھمایا۔اسد جاوید کو 11رنز کے عوض 2وکٹ ملیں۔الحمرہ سی سی کی جوابی اننگز 34.3اوورز میں اس وقت تمام ہوگئی جب 167رنز پر پوری ٹیم پویلین پہنچ گئی۔ حمزہ رند 37رنز میں 3چوکے لگائے اور میچ کا واحد چھکا بھی ان کے نام رہا۔ مزمل بابر نے 29رنز میں 3چوکے رسید کئے۔ سید عمل نے 18رنز میں ایک چوکا لگایا۔کبیر چھیپا نے 33رنز پر 4کھلاڑیوںکو کریز چھوڑنے پر مجبور کیا اور محمد عمران 2کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کرنے کا سبب بنے۔ایمپائرز آل حیدر ا ور طاہر رشید جبکہ جنید افضل آفیشل اسکورر تھے۔