کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سلمان اسپورٹس نے شاہد یوسف سی سی کو 70رنز کے واضح فرق کی ہزیمت سے دوچار کرکے حسین عباس انوی ٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلہ میں جگہ بنالی ۔ جمشید دستی اور رحمن شاہ نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ کلیم قائم خانی کی نصف سنچری اور مہتاب قریشی کی 5وکٹیں کارگر ثابت نہ ہوسکیں۔لانڈھی جیم خانہ کولٹس نے کورنگی فرینڈز کیخلاف 3وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کی۔ شریف داد نے عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ عظیم عرفان کے 40رنزرائیگاں گئے۔ کورنگی الفتح سی سی ،کے سی سی اے زون Vکے زیر اہتمام اورریڈیو پاکستان گراؤنڈ پر کھیلے گئے پہلے میچ میں سلمان اسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 35اوورز میں 8وکٹوں پر 322رنز اسکور کئے۔ جمشید دستی نے 77رنز اور رحمن شاہ نے 52رنز کی عمدہ اننگز کھیلی یاسین اﷲ نے 22اور محمد سلمان نے 20رنز اسکور کئے۔ مہتاب قریشی نے 5کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا پروانہ تھمایا۔شاہد یوسف سی سی مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 252رنز پر ہمت ہارگئی جب پوری ٹیم آخری اوورز میں پویلین لوٹ گئی۔ کلیم قائم خانی نے 59رنز کے ساتھ بھرپور مزاحمت کی۔محمد عرفان اور عمران بشیر نے 31,31رنز ، فیصل خاننے 22اور مہتاب قریشی نے 21رنز کی اننگز کھیلی۔ عدنان الرحمن نے 49رنز پر 3جبکہ تنویر حسین اور اسامہ نے 2,2کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ایمپائرز عبداﷲ زرین اور سید حنین تھے۔ بابرمارکیٹ گراؤنڈ لانڈھی پر کورنگی فرینڈز نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور پوری ٹیم 25اوورز میں 117رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عظیم عرفان نے 40رنز کے ساتھ نمایاں بیٹنگ کی۔ اسامہ نے 16اور سعد نے 13رنز اسکورکئے۔ شریف داد ، رحیم اور زہیب نے 2,2وکٹیں باہم تقسیم کیں۔ لانڈھی جیم خانہ کولٹس کو مطلوبہ ہدف کے حصول میں 7وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ جب 18اوورز میں 120رنز جوڑے گئے۔ شریف داد اورزہیب احمد نے 29,29رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ۔ سمیر شاہ رخ نے 2,2کھلاڑی میدان بدر کئے ۔ عظیم شیراز، دانیال اور سعد کے ہاتھ ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ایمپائرز جاوید جعفری اور محمد اسلم تھے۔