کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کےغذائی قلت کے شکار صحرائے تھر کی دو ہندو لڑکیا ں دیوی میگھواڑ اور جمنا بھیل چین میں منعقدہ نوجوانوں کے فٹبال ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی ۔کمسن لڑکیا ں ملک میں فٹبال کے فروغ کے سلسلے میں عملی طور پر کوشاں ہیں اور چین میں منعقدہ یوتھ فٹبال ورلڈکپ میں بھرپور صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کو تیار ہیں۔
سماجی تنظیم نے حال ہی میںان دونوں لڑکیوں کو کراچی میں دس روزہ تربیتی کیمپ میں حصہ دلوایا جہاں انہوںنے پریکٹس میچ بھی کھیلے۔ جمنا بھیل دفاعی کھلاڑی جبکہ دیوی میگھواڑ گول کیپر ہیں۔
گوتھیا یوتھ فٹبال ورلڈ کپ کا آغاز14اگست سےچین کے صوبے چنگ ڈاؤ میں ہورہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کا اختتام 17اگست کو ہوگا۔واضح رہے کہ اس سالانہ ٹورنامنٹ کا انعقاد پیشہ ورانہ فٹبال کلب بی ۔ کے ہیکن 1975 سے سوڈان کے شہر گوتھن برگ میں کرتا آیا ہے اور اس میں ہر سال 80 ممالک کی 1700 سے زائد ٹیمیں حصہ لیتی ہیں اور 1100 فٹبال میدانوں میں 4500 میچ ہوتے ہیں۔
گوتھیا یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ میں اس سال 36ملکوں کی 340 ٹیمیں حصہ لیں گے۔ اس ٹورنامنٹ کا میلہ 42مقامات پر سجے گا۔ٹورنامنٹ کے جنرل سیکرٹری ڈینس اینڈرسن نےبتایا کہ گوتھیا فٹبال ٹورنامنٹ میں ہر قومیت، نسل، جنس اور رنگ کے نوجوان حصہ لیتے ہیں۔