لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ )بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی ایک مرتبہ پھر زور پکڑ گئی ہے۔
ایسے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی اور بھارت کے سابق کرکٹر یووراج سنگھ نے کینیڈا میں بھائی چارے کی ایک عمدہ مثال قائم کی ہے ۔ دونوں ہی انسانیت کی خاطر ایک تقریب میں اکٹھے ہوئے ،جہاں شاہد آفریدی نے یووراج سنگھ کے کام کی ناصرف تعریف کی بلکہ ان کی فاؤنڈیشن کو عطیہ دینے کا اعلان بھی کیا۔شاہد آفریدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا
یووراج سنگھ تم نے بھارت کیلئے کرکٹ میں بہت کچھ حاصل کیا ہے ،تم کو یو وی کین کے ذریعے انسانیت کیلئے کام کرتا دیکھ کر اور بھی خوشی ہو رہی ہے۔شاہد خان آفریدی نے اس موقع پر یووراج سنگھ کو شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی جانب سے 10 ہزار ڈالر عطیہ دینے کا اعلان بھی کیا اور فوری طور پر اپنے نام والی ایک شرٹ بھی پیش کی اور کہا کہ اگر اسے کوئی نیلامی میں لینا چاہتا ہے تو میں اس پر اپنے دستخط کرنے کو بھی تیار ہوں۔