پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل(پی بی سی سی) کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے کہا ہے کہ بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم جب تک پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی تب تک پاکستانی بلائنڈ ٹیم بھی بھارت نہیں جائے گی۔ جمعرات کو عجمان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم مشکل حالات میں بھی بھارت کے دورے کر چکی ہے اور گذشتہ سال ٹی20 بلائنڈ ورلڈ کپ میں بھی گئے تھے تاہم پاکستان میں ورلڈ کپ کے میچز اور فائنل میں انکار پر ہمیں بہت مایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قومی ٹیم بھارت کا دورہ کرچکی ہے اب دورے کی پہل بھارتی ٹیم نے کرنا ہے اگر ان کی ٹیم پاکستان کے دورے پر نہیں آئے گی تو پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم بھی بھارت کا دورہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں دنیا کی صف اول کی ٹیمیں ہیں فائنل میں اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ فائنل میں قومی ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ٹائٹل جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی بی سی سی نے پانچویں عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ ایونٹ کا فائنل 20 جنوری کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سید سلطان شاہ نے عجمان، شارجہ دبئی اور گردونواح کے پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 20 جنوری کو فائنل میں بھر پور طریقے سے شرکت کریں کیونکہ اس ایونٹ کا میزبان پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم بھرپور فارم ہے اور فائنل میں بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل جیت کر وطن واپس لوٹیں گے۔