سی کیو سی گولڈ پولو کپ 2025ء ; ایف جی /دین نے مین فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

سی کیو سی گولڈ پولو کپ 2025ء ; ایف جی /دین نے مین فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا
لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام سی کیو سی گولڈ پولو کپ 2025ء کے چوتھے دن ایف جی /دین نے مین فائنل جبکہ سی کیو گولڈ /نیوایج کیبلز کی ٹیم نے سب سڈری فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں سی کیو سی گولڈ پولو کپ 2025ء کے دلچسپ میچز جاری ہیں۔ پول بی کی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ گزشتہ روز ہوا۔ میچز دیکھنے کیلئے تماشائیوں اور فیملیز کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر سی کیو سی گولڈ کے ڈائریکٹر شیراز قریشی، ایگزیکٹو کمیٹی ممبر ز اور سیکرٹری میجر امجد اور دیگر بھی موجود تھے۔ ایف جی /دین اور ڈائمنڈ پینٹس /دین کے درمیان میچ بہت ہی سنسنی خیز ہوا جو ایف جی /دین نے زبردست مقابلے کے بعد 7-6سے اپنے نام کیا۔
ایف جی /دین کی طرف سے حمزہ موا ز خان نے شاندا ر چھ گول سکور کیے جبکہ میاں عباس مختار نے ایک گول سکور کیا۔ ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے راجہ جلال ارسلان نے چار اور میر حذیفہ احمد نے دو گول سکور کیے۔
دوسرے میچ میں ایس کیو سی گولڈ /نیوایج کیبلز نے سلاپولو کو 8-1 سے ہرا دیا۔ ایس سی کیو گولڈ /نیوایج کیبلز کی طرف سے ثاقب خان خاکوانی نے چھ گول سکور کیے جبکہ شیراز قریشی نے دو گول سکور کیے۔
سلا پولو کی طرف سے واحد گول راجہ سمیع نے سکور کیا۔ اس طرح اتوار کو فائنل میں ایف جی /دین کا مقابلہ ماسٹر پینٹس سے ہوگا جبکہ سب سڈری میں سی کیو سی گولڈ /نیوایج کیبلز کا مقابلہ ایچ کے پولو سے ہوگا۔



