ویزا مسائل کی وجہ سے پاکستان ہاکی ٹیم کا دورۂ اسپین منسوخ

ویزا مسائل کی وجہ سے پاکستان ہاکی ٹیم کا دورۂ اسپین منسوخ
پاکستان ہاکی ٹیم نے پرو ہاکی لیگ کی تیاریوں کے سلسلے میں طے شدہ اسپین کے دورے سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے بعد اب ٹیم اپنی تمام توجہ رواں سال کے سب سے اہم ایونٹ یعنی لیگ کے ابتدائی مرحلے پر مرکوز کر رہی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسپین میں 29 اور 30 نومبر کو ہونے والے میچز قومی کھلاڑیوں کے لیے ابتدائی وارم اپ تصور کیے جا رہے تھے، تاہم سفری کاغذات اور ویزا سے متعلق رکاوٹوں نے اس پلان کو غیر مؤثر بنا دیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے باقاعدہ طور پر اسپین کی ہاکی فیڈریشن کو معذرت کا خط ارسال کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ موجودہ حالات میں ٹیم کے لیے بروقت سفر ممکن نہیں رہا۔
ذرائع کے مطابق اسپین کے ویزے کی درخواستوں کے لیے درکار وقت کم رہ جانے کی وجہ سے پاکستان نے فوری طور پر حکمت عملی تبدیل کی اور اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ قومی ٹیم براہِ راست ارجنٹائن روانہ ہوگی، جہاں پرو ہاکی لیگ کے پہلے مرحلے کے ابتدائی میچز شیڈول ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے ارجنٹائن کے ویزوں کے لیے درخواستیں جمع کروا دی ہیں اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ تمام کارروائیاں وقت پر مکمل ہو جائیں گی۔
قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 24 نومبر سے اسلام آباد میں شروع ہونے جا رہا ہے، جہاں ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست کا اعلان بھی آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔ کیمپ میں نہ صرف فٹنس اور مہارتوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی بلکہ ارجنٹائن اور ہالینڈ کے خلاف شیڈول میچز کے لیے حکمت عملی بھی تیار کی جائے گی۔
ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان پرو ہاکی لیگ کے دوران قائدانہ کردار ادا کریں گے اور کھلاڑیوں کی تربیت و پلاننگ کی براہِ راست نگرانی کریں گے۔
مجوزہ شیڈول کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کی 2 دسمبر کو ارجنٹائن روانگی کا امکان ہے۔ لیگ کے پہلے مرحلے میں قومی ٹیم کو ہالینڈ اور ارجنٹائن جیسی مضبوط ٹیموں کا سامنا کرنا ہوگا۔
10 دسمبر کو پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان پہلا میچ کھیلا جائے گا، جسے دونوں ٹیموں کے لیے اہم امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔ قومی ٹیم 15 دسمبر تک ہالینڈ اور ارجنٹائن کے خلاف مجموعی طور پر 4 میچز کھیلے گی جن کے نتائج ٹیم کی عالمی رینکنگ اور مستقبل کے عالمی مقابلوں کی تیاری کے لیے نہایت اہم ہوں گے۔



