لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) فاسٹ باؤلرصدف حسین نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ہ اعزاز حاصل کرلیا
جو وسیم اکرم کے پاس بھی نہیں ہیں۔29سالہ صدف حسین نے کراچی میں قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں سندھ کیخلاف ناردرن کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر میں 400 وکٹیں مکمل کیں،انہوں نے یہ سنگ میل خرم منظور اور رمیزعزیز کی وکٹیں حاصل کرکے عبور کیا
۔صدف حسین کم ترین اننگز میں400فرسٹ کلاس شکار کرنےوالے دوسرے پاکستانی لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر ہیں ،انہوں نے یہ اعزاز161اننگز میں حاصل کیا،یہ قومی ریکارڈ سابق فاسٹ باؤلر سمیع اللہ نیازی کے پاس ہے جنہوں نے152اننگز میں400فرسٹ کلاس وکٹیں مکمل کی تھیں،صدف حسین کے پاس سمیع اللہ کا ریکارڈ توڑنےکا سنہری موقع تھا
تاہم وہ اپنے گزشتہ17میچز میں صرف50وکٹیں حاصل کرسکے ۔صدف حسین نے 400 وکٹیں مکمل کرنے کے بعد اس سنگ میل کا جشن ساتھی کرکٹرز کے ساتھ کیک کاٹ کر منایا تاہم اس سب کے باوجود وہ اب بھی پاکستانی سلیکٹرز کی توجہ کے منتظر ہیں۔
نیشنل سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو میں صدف حسین نے کہا کہ اتنا پرفارم کرنے کے بعد بھی چانس نہ ملے تو دکھ تو ضرور ہوتا ہے لیکن یہی سب کچھ ان کو متحرک رہنے کا حوصلہ بھی دیتا ہے
اور وہ ہر بار پہلے سے بہتر کرنےکی کوشش کرتے ہیں۔صدف حسین نے کہا کہ وہ ہر سیزن میں پرفارم کررہے ہیں اور کوشش ہوتی ہے کہ ہر بار پرفارم کریں، سلیکٹ کرنا بورڈ کا کام ہے اور انہیں امید ہے کہ ایک دن انہیں ضرور موقع ملے گا۔ایک سوال پر صدف حسین نے کہا
کہ یہ تاثر درست نہیں کہ وہ صرف ایسی کنڈیشنز میں بولنگ کرتے ہیں جہاں فاسٹ بولرز کو مدد ہو اور کہا کہ وہ ہر طرح کی کنڈیشنز پر وکٹیں حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔