لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) سپورٹس بورڈ پنجاب اور ڈویژنل سپورٹس آفس کے تعاون سے منعقد ہونے والے لاہور سکول سپورٹس 2019 ء کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن کریسنٹ ماڈل سکول،
دوسری لاہور گرائمر سکول جوہر ٹائون کیمپس، تیسری سٹی سکول گلبرگ کیمپس اور چوتھی ایچی سن سکول نے حاصل کی، لاہور سکول سپورٹس 2019ء کی اختتامی تقریب منی ہاکی سٹیڈیم گرائونڈ ٹو میںبدھ کی شام منعقد ہوئی،
مہمان خصوصی سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر ندیم قیصر،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر تنویر شاہ و دیگر بھی موجود تھے
سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب نے اختتامی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور سکول سپورٹس 2019ء اچھی کاوش ہے جس کا انعقاد نوجوان کھلاڑیوں کے لئے بہت فائدہ مند ثابت ہوا ہے
اس میں 14ہزار سے زائد کھلاڑیوں (لڑکوں اور لڑکیوں) نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے ہیں، لاہور سکول سپورٹس 2019ء سے کھلاڑیوں کے لئے سپورٹس کی نئی راہیں کھلیں گی، اس ایونٹ میں بہت سے نئے کھلاڑی سامنے آئے ہیں،
اس کا دائرہ پورے پنجاب تک بڑھایا جائے گا، لاہور سکول سپورٹس 2019ء کو اگلے برس اس سے بہتر انداز میں منعقد کرایا جائے گا
انہوں نے مزید کہا ہے کہ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں سپورٹس سکول کے لئے جگہ کا انتخاب کرلیا گیا ہے جس پر جلد کام شروع کردیا جائے گا، ایک سوال پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب نے کہا ہے کہ
نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ ہمارا مقصد کھلاڑیوں کی تربیت اور کوچنگ بھی ہے، جس کے لئے مختلف شہروں میں مختلف کھیلوں کے کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپ منعقد کررہے ہیں جو کھیل جس شہر میں مقبول ہے اسی شہر میں اس کھیل کا کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپ لگایا جاتا ہے، ان کیمپس میں بہترین کارکردگی
کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے کھیل کو مزید بہتر کے لئے غیر ملکی کوچز کو پاکستان بلائیں گے جو ان کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے۔
سپورٹس بورڈ پنجاب اور ڈویژنل سپورٹس آفس سے منعقد ہونے والی لاہور سکول سپورٹس 2019 ء میں کریسنٹ ماڈل سکول نے 1980 پوائنٹس کیساتھ پہلی، لاہور گرائمر سکول جوہر ٹائون کیمپس نے 817 پوائنٹس کیساتھ دوسری، سٹی سکول گلبرگ کیمپس نے 536 پوائنٹس کیساتھ تیسری اور ایچی سن سکول نے 434
پوائنٹس کیساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی۔گرلزانڈر 12مقابلوں میں پہلی پوزیشن لاہورگرائمر سکول، کریسنٹ ماڈل سکول نے دوسری جبکہ سٹی سکول نے تیسری پوزیشن حاصل کی،بوائز انڈر 12 میں کریسنٹ ماڈل سکول پہلے، لاہور گرائمر سکول جوہرٹائون کیمپس دوسرے
جبکہ ایچی سن سکول تیسرے نمبر پر رہا، گرلز انڈر 16 میں کریسنٹ ماڈل سکول نے پہلی، سٹی سکول گلبرگ سکول نے دوسری جبکہ سٹی ڈسٹر کٹ
سکول قلعہ لچھمن سنگھ نے تیسری پوزیشن حاصل کی، بوائز انڈر 16میں کریسٹ ماڈل سکول نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔