کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)فواد عالم نے ڈومیسٹک کرکٹ میں 33ویں سنچری اسکور کرکے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 12ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرلیا۔ڈومیسٹک کرکٹ کے مستند بیٹسمین فواد عالم نے ایک اوراعزاز اپنے نام کرلیا انہوں نےفرسٹ کلاس کرکٹ میں 12 ہزار رنز مکمل کرلیے، انہوں نے یہ کارنامہ قائد اعظم ٹرافی میں سندھ کی نمائندگی کرتے ہوئے سدرن پنجاب کے خلاف میچ میں بنایا۔اِس کے ساتھ ہی فواد عالم نے سنچری بھی مکمل کی جو رواں سیزن کی تیسری سنچری ہے، فوادعالم 164ویں فرسٹ کلاس میچ میں 33ویں سنچری اسکور کرچکے ہیں اور ہوم گراؤنڈ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ان کی آٹھویں سنچری ہے۔فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کا بہترین اسکور 296 رنز ناٹ آؤٹ ہے, ڈومیسٹک کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ کارکردگی دکھانے کے باوجود بھی فواد عالم کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ فواد عالم نے پاکستان کی جانب سے اپنا آخری ٹیسٹ دس سال قبل نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلا تھا جبکہ آخری ون ڈے میں 2015 میں گرین شرٹس کی نمائندگی کی تھی۔