آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ کا کوارٹر فائنل مرحلہ آج سے شروع ہوگا۔ جہاں24 جنوری کو قومی ٹیم کو جنوبی افریقہ کا چیلنج درپیش ہوگا ۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں جاری میگا ایونٹ تیزی سے اختتام کی جانب گامزن ہے اور ٹاپ آٹھ ٹیمیں جن میں پاکستان، جنوبی افریقہ، بھارت، بنگلہ دیش، افغانستان، آسٹریلیا ،نیوزی لینڈ اور انگلینڈ شامل ہیں آج سے سیمی فائنل میں رسائی کی جنگ لڑیں گی ۔ پاکستان، نیوزی لینڈ، بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں اپنے اپنے گروپس میں سرفہرست رہیں ۔ آج پہلے کوارٹر فائنل میچ میں آسٹریلیا کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔ دوسرا کوارٹر فائنل کل پاکستان اور جنوبی افریقہ، تیسرا کوارٹر فائنل 25 جنوری کو نیوزی لینڈ اور افغانستان جبکہ چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل 26 جنوری کو بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سیمی فائنلز 29 اور 30 جنوری جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 3 فروری کو کھیلا جائے گا۔یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم نے میگا ایونٹ سے پہلے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کی لیکن ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں اسے افغانستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کیخلاف اس نے کامیابی سمیٹی ۔