حیدرآباد/لاہور ( سپورٹس لنک رپورٹ ) چیئرمین پاکستان والی بال فیڈریشن چودھری محمد یعقوب نے والی بال کھلاڑیوں, آفیشلز و عوام الناس کو اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا کورونا وائرس کی وباء کے باعث پریشانی کا سامنا ہے اور اس سے ہمارا نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے اور صرف احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہو کر کورونا وائرس سے بچائو ممکن ہے.تاہم اس سنگین صورت حال میں ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ بھی دینا ہوگا.انہوں نے فیڈریشن کے سیکریٹری و سندھ والی بال ایسوسی ایشن کے صدر انجینیئر شاہ نعیم ظفر کو اپنے خصوصی پیغام میں تمام صوبائی ایسوسی ایشنز و یونٹس کو ہدایات کا اعادہ کرنے کا مشورہ دیا ہے.
انہوں نے کھلاڑیوں اور عوام سے اپیل ہے کہ وہ خود اپنا, گھر و اہلیان محلہ کا خیال رکھیں اور اپنے بچوں کو گھر سے باہر نہ نکلنے دیں تاکہ انہیں اس وباء سے بچایاجا سکے.اس ضمن میں ہمیں حکومت کی جانب سے وضع کی گئیں احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہونا ہے. انہوں نے کہاکہ اس وبائی کورونا وائرس کی وجہ سے ہم نے اپنے کورٹس و گرائونڈز پر عارضی طور اپنی سرگرمیاں پہلے ہی معطل کردی تھیں تاہم امید ہے اچھا وقت جلد لوٹ آئے گا اور یہ ویرانی ختم ہوگی.انہوں نے تمام صاحب حیثیت آفیشلز و مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ اپنے حلقہ احباب اور قربت دار ضرورتمند کھلاڑیوں اور اہل محلہ کو اس مشکل وقت میں راشن کا سامان انکے گھر پنہچانے کی ہماری مہم کا حصہ بنیں تاکہ وہ احساس محرومی کا شکار نہ ہوں.
دریں اثناء فیڈریشن کے سیکریٹری و سندھ والی بال ایسوسی ایشن کے صدر انجینیئر شاہ نعیم ظفر نے پاکستان بھر کے صوبائی و ڈویژنل سمیت تمام عہدیداران و آفیشلز کو کہا ہے کہ وہ اس ضمن میں اپنی رپورٹس اور معلومات اپنے علاقائی میڈیا کے نمائندوں یا میڈیا کووآرڈینیٹر و سیکریٹری حیدرآباد والی بال ایسوسی ایشن پرویز احمد شیخ سے شیئر کریں تاکہ ہمارا پیغام ملک کے کونے کونے میں پہنچ سکے اور ہمارے اقدامات موئثر ثابت ہوں