لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی چیف سلیکٹر مصباح الحق کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے مستقبل کو نگاہ میں رکھتے ہوئے سکواڈ منتخب کیا اور ایسے کھلاڑی قابل غور سمجھے گئے جو انگلینڈ میں کامیابی دلا سکتے ہیں۔انگلینڈ ٹور کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ یہ ایک چیلنجنگ وقت ہے
کیونکہ پاکستانی پلیئرز گزشتہ چند ماہ کے دوران کرکٹ نہیں کھیل سکے لیکن یقین ہے کہ انہیں انگلینڈ پہنچ کر ایک ماہ کا جو عرصہ ملے گا اس کے دوران گہرائی کے ساتھ ہونے والی ٹریننگ پلیئرز کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے تیار کردے گی۔ان کا کہنا تھا کہ سلیکٹرز کی توجہ کا مرکز ریڈ بال کرکٹ ہے کیونکہ دو ماہ تک اس طرز کے میچوں پر محنت کے بعد انہیں ٹی ٹونٹی میچز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے بعد ہی کھیلنے ہیں۔
مصباح الحق کااپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ آئندہ سیریز ان کیلئے سخت چیلنج ثابت ہوگی کیونکہ پاکستانی کھلاڑی مارچ سے کسی بھی قسم کی مسابقی کرکٹ نہیں کھیل سکے جبکہ انگلش ٹیم ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کھیل کر ان کے مقابل آئے گی جس کا مطلب یہ ہے کہ گرین شرٹس کو انگلینڈ پہنچتے ہی میدان میں اترنا ہوگا تاکہ پہلے ٹیسٹ سے قبل ٹریننگ سیشنز اور پریکٹس میچوں کے مواقع کا بھرپور انداز سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ انگلش ٹور کیلئے پلیئرز کا انتخاب کرتے ہوئے مستقبل کو بھی پیش نظر رکھا گیا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ پاکستانی کھلاڑی کوچنگ سٹاف میں شامل یونس خان اور مشتاق احمد کی وسیع معلومات سے بھرپور استفادہ کریں تاکہ انہیں انگلینڈ کیخلاف سیریز میں مدد مل سکے۔