کراچی: (سپورٹس لنک رپورٹ) سابق قومی کپتان رمیز راجہ نے چیف سلیکٹر مصباح الحق کو سلیکشن سے متعلق اپنی سوچ تبدیل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ صرف پرانے چہروں پر انحصار کی پالیسی کامیابی کی ضمانت نہیں بن سکتی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے یو ٹیوب چینل پر انگلینڈ ٹور کیلئے منتخب سکواڈ پر مصباح الحق کو10 میں سے 5 نمبر دیتے ہوئے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے حیدرعلی اور خوشدل شاہ کو منتخب کر کے اچھا اقدام کیا لیکن مخصوص مائنڈسیٹ کیساتھ انہوں نے کئی پرانے چہروں کو بھی سلیکٹ کر لیا کیونکہ ان کا خیال شاید یہی ہے کہ ان کے بغیر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ نہیں جیتا جا سکتا ہے۔
کمنٹیٹر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے چیف سلیکٹر نے یہی سوچ کپتان بابر اعظم تک بھی منتقل کردی اور انہیں سمجھا دیا ہے کہ وہ شعیب ملک اور محمد حفیظ کے بغیر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیت ہی نہیں سکتے ہیں حالانکہ میگا ایونٹ میں ٹائٹل فتح کیلئے صرف تجربہ ناکافی ثابت ہو گا۔رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ دس سال کے دوران آئی سی سی ایونٹس میں شعیب ملک نے 25 میچز کسی نصف سنچری کے بغیر کھیلے ہیں جبکہ محمد حفیظ اچھے آل راؤنڈر ہونے کے باوجود انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی فارم برقرار نہیں رکھ پاتے جس کا ثبوت ان کی گزشتہ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کیخلاف کارکردگی بھی ہے۔