راولپنڈی،(سپورٹس لنک رپورٹ)تیس ستمبر سے جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے سنسنی خیز مقابلوں پر دلچسپ اور تجربہ کارانہ تبصرے جاری ہیں۔ پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر ہونے والے ان میچز میں وسیم اکرم، رمیز راجہ، وقار یونس ،بازید خان اور اظہر علی کےسمیت کئی مینزکمنٹیٹرز کے علاوہ سابق خواتین کرکٹرز اور کمنٹیٹرز کے تبصروں نے بھی شائقین کرکٹ کو ٹی وی اسکرین سے جوڑے رکھا۔
سابق کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم ثناء میر، قومی ویمنز سلیکشن کمیٹی کی رکن مرینہ اقبال، معروف ٹی وی میزبان زینب عباس اور سویرا پاشا پر مشتمل چار رکنی ویمنز پینل اپنے علم اور تجربے کی روشنی میں ملتان کے بعد اب راولپنڈی میں جاری میچوں کا احوال بتارہاہے۔
چاروں خواتین کمنٹیٹرز نیشنل مینز کرکٹ میچوں پر کا یہ منفرد تجربہ قرار دے رہی ہیں۔
ثناء میر:
ایک سو بیس ایک روزہ اور ایک سو چھ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی ثناء میر کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے میدان میں جاری کرکٹ ایکشن پر تبصرے کا تجربہ بہترینہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ میچ کے آغاز پر پری میچ اور اختتام پر پوسٹ میچ شو میں شرکت کرچکی ہیں مگرکرکٹ میچ سے قبل پچ رپورٹ اور پھر کمنٹری باکس میں بیٹھ کر اس میچ پر تبصرہ کرنے کا یہ تجربہ انہیں پہلی مرتبہ ملا ہے۔
مرینہ اقبال:
چھتیس ایک روزہ اوربیالیس ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی سابق اوپنر مرینہ اقبال کاکہنا ہے کہ وہ گزشتہ سال نیشنل ٹی ٹونٹی کپ اور پھر رواں سال ایم سی سی کرکٹ ٹیم کےدورہ پاکستان کےدوران کھیلے گئے چند میچز پر تبصرہ کرچکی ہیں مگر نیشنل ٹی ٹونٹی کپ 2020 کے ٹورنامنٹ کے دوران کمنٹری باکس سے کھیل کا احوال بتانے کا یہ تجربہ منفرد ہے، اتنے بڑے ایونٹ میں کمنٹری کرنے پر وہ بہت خوش ہیں۔
زینب عباس:
معروف کرکٹ میزبان زینب عباس کا کہنا ہے کہ وقت بدل چکا ہے، خواتین آج ہر شعبہ میں نام کمارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بدلتے وقت کے اس نئے دھارے میں خواتین کی نمائندگی کرنے پر بہت فخر محسوس کرتی ہیں۔
سویراپاشا:
سویرا پاشا کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے خواتین کو میدان کے اندر اور باہر اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کا موقع دینا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے اس منفرد تجربے کے دوران محمد رضوان کا سپر مین کیچ ان کا پسندیدہ لمحہ رہے گا۔