فیفا ورلڈ کپ ٹرافی تھائی لینڈ سے خصوصی طیارے کے ذریعےپاکستان پہنچ گئی ۔
فیفا اور پاکستانی نمائندوں کے وفد نے فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کے ہمراہ آج تقریباً دن 11 بجے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پرلینڈ کیا۔
فیفا ورلڈ کپ ٹرافی ٹور کے لئے پاکستان سے سابق کپتان یونس خان، گلوکارہ مومنہ مستحسن ، قرہ العین بلوچ ، اداکارہ مایا علی اور دیگر پاکستانی شامل ہیں۔
فرانس کے سابق فٹبالر کرسٹیئن کیرمبیو اور فیفا کے دیگر نمائندے فٹ بال کی عالمی تنظیم کے وفد بھی ٹور کا حصہ ہیں ۔
سونے سے بنی خالص ٹرافی کا وزن 6 کلو گرام سے زائد ہے جو 18 قیراط سونے سے بنائی گئی ہے۔
اس موقع پر ایک شاندار تقریب منعقد کی جائے گی جس میں ٹرافی کی نمائش ہوگی جس کے دوران ملک کی مختلف نامور شخصیات سمیت دیگر افراد شرکت کریں گے۔
فیفا شیڈول کے مطابق ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان کے دورے کے بعد 4 فروری کو قازقستان روانہ ہوگی۔
واضح رہے کہ روس میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ سے پہلے ٹرافی کا عالمی دورہ 22 جنوری سے شروع ہوا تھاجس میں ٹرافی 6 براعظموں کے 51 ممالک کے 91 شہروں کا سفر کرے گی جو 30 اپریل کو جاپان میں ختم ہوگا جہاں سے اسے واپس روس پہنچایا جائے گا۔