لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ 4 فروری سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہوگا. دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے جیتا تھا.
کراچی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی.
اس موقع پر پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق نے پی سی بی ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی ٹیسٹ میں فتح کی بدولت پنڈی ٹیسٹ کے دوران میزبان ٹیم کا پلڑا بھاری ہوگا.
انہوں نے کہا کہ سیریز میں ایک صفر کی نفسیاتی برتری کی وجہ سے قومی کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوگا.
انہوں نے مزید کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے لیگ اسپنر یاسر شاہ، کراچی ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کرنے والے فواد عالم اور کپتان بابر اعظم کا کردار اہم ہوگا.
انضمام الحق نے کہا کہ جنوبی افریقہ کی اس ٹیم کو برصغیر میں کھیلنے کا زیادہ تجربہ نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے پہلے میچ میں پاکستان کی جیت کی پیشگوئی کی تھی.
سابق کپتان نے کہا کہ بلاشبہ مہمان ٹیم دوسرے میچ میں بہتر کھیل پیش کرے گی تاہم وہ اب بھی پاکستان کی کامیابی کے لیے پرامید ہیں.
لیجنڈری بلے باز نے کہا گوکہ بابر اعظم پہلے ٹیسٹ میچ میں زیادہ لمبی اننگز نہیں کھیل سکے مگر وہ بڑے کھلاڑی ہیں اور دوسری اننگز میں ان کی پراعتماد بیٹنگ ان کی صلاحیتوں کا مظاہرہ تھا. انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کی تکنیک میں کوئی غلطی نہیں نظر آئی ہاں مگر انجری کے بعد واپسی کی وجہ سے ہوسکتا ہے کہ لمبی اننگز نہ کھیل پائے ہوں.
انضمام الحق نے کہا کہ کراچی اور راولپنڈی کی کنڈیشنز مختلف ہیں، کنڈیشنز دیکھتے ہوئے پلیئنگ الیون میں تبدیلی کرنا نقصان دہ نہیں ہوگا.