کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)قومی سنوکر چیمپئن شپ کے دوسرے روز کوالیفائر قدیر عباس نے نمبر پانچ سیڈ مبشر رضا کو ہرا کر بڑ ااپ سیٹ کر دیا جبکہ ذوالقفار عبدالقادر نے سنچری بریک بنا لیا۔ گزشتہ روز چیمپئن شپ کے پہلے راؤنڈ کے میچز میں قدیر نے ورلڈ کپ کوارٹر فائنلسٹ مبشر رضا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد غیر متوقع طور پر چار ،تین فریمز سے شکست دی۔ دوسرے اہم میچ میں ذوالفقار عبدالقادر نے عمیر عالم کو ایک کے مقابلے میں چار فریمز سے ہرایا اس میچ میں انہوں نے دوسرے فریم میں 106 کا بریک بھی بنایا۔ قومی کیوئسٹ اسجد اقبال نے علی حیدر کو دو کے مقابلے میں چار فریمز سے شکست دی۔ سابق قومی چیمپئن محمد آصف نے بھی متاثر کن کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حارث ندیم پر ایک کے مقابلے میں چار فریمز سے قابو پایا۔ آئن مارک جان کو بغیر کھیلے ہی پوائنٹس مل گئے کیونکہ ان کے حریف کیوئسٹ سر بلند خان میچ کے لئے نہ آسکے ۔ محمد عمران حریف کیوئسٹ جہانگیر خان کو قابو میں رکھتے ہوئے چار، دو فریمز سے فتح سمیٹنے میں کامیاب ہوئے ۔ جونیئر سنوکر چیمپئن محمد نسیم اختر نے راشد محمود عباسی کو چار ،دو فریمز سے شکست دی ۔ شاہد آفتاب نے سیف علی خان کو بغیر کوئی فریم ڈراپ کئے چار ،صفر سے ہرایا۔ دیگر مقابلوں میں عبدالجاوید نے عثمان احمد کو چار ،تین فریمز سے ہرایا، فضل عمر بٹ نے محمد شہباز کو چار ،ایک ، آغا بلاول نے تریالی عزیز کو چار، ایک ، آکاش رفیق نے مصدق محمود کو چار ،ایک ، محمد ماجد علی نے محمد اشتیاق کو چار ،ایک، محمد احسن جاوید نے محمد آصف کو چار ،تین ، محمد عبداللہ نے محمد فیضان کو چار، ایک ، اویس اللہ منیر نے سعید احمد کو چار ،صفر، خرم آغا نے احمد شاہ کو چار صفر اور بابر مسیح نے سمیع اللہ کو چار ،ایک فریمز سے شکست دی۔