لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ )چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ کلب کرکٹ کو فعال بنائے بغیر کوالٹی کرکٹرز کا سامنے آنا ممکن نہیں ہے،پاکستان کرکٹ کے مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے اہم فیصلے کریں گے ،،وہ پہلے کینن فوم چیلنج کپ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔انضمام الحق کا کہناتھا کہ کلب کرکٹ ہی سے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش ممکن ہے اور زیادہ سے زیادہ سے کلب کر کٹ کے ٹورنامنٹس ہونا ضروری ہیں ،ہمارے دور میں سال میں 15سے20کوالٹی کرکٹ ٹورنامنٹس ہوا کرتے تھے جہاں سے لڑکے سامنے آتے تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کی پراڈکٹ ہے اور اس سے کئی کھلاڑی سامنے آئیں گے ،چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی بہتر ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ ہماری ٹیم باقی فارمیٹس میں اچھا نہیں کرسکتی ،ہمیں مستقبل کو سامنے رکھ کر فیصلے کرنا ہیں ،چیف سلیکٹر یا کسی سلیکٹر کا ٹیم کے ساتھ غیر ملکی دورے پر جانے کے حوالے سے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ہم اس بات کا جائزہ لیں گے اس سلیکٹرز کے ٹیم کے ساتھ جانے کا یہ مطلب نہیں ہوتا کہ وہ سلیکشن کے عمل پر حاوی ہو گا ،سلیکٹرکے دورے پر موجود ہونے سے بہت سے معاملات پر مشاورت سے فیصلے کئے جاسکتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے بعد بیٹھ کر مشاورت کے ساتھ مستقبل کی حکمت عملی بنائیں گے ۔