لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی سپورٹس پنجاب محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ سپورٹس کی ترقی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں سپورٹس کے میگا منصوبوں پر کام جاری ہیںجن میں سے درجنوں تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ، ان منصوبوں کی تکمیل سے نوجوانوں کو سپورٹس کی بہترین سہولتیں میسر ہوں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سپورٹس گرائونڈز، جمنیزیم ہالز اور ای لائبریری کے منصوبوں پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان ، ڈپٹی سیکرٹری پلاننگ تہمینہ حبیب، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید رشید چوہان، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر رئوف باجوہ اور دیگر افسران شریک تھے، اجلاس میں متعلقہ حکام نے منصوبوں پر جاری کام پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی، چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی سپورٹس پنجاب محمد حنیف عباسی نے لاہور اور اس کے مضافاتی علاقوں میں سپورٹس گرائونڈز کے ٹھیکیدار کو وارننگ دی کہ کام جلد ازجلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام اس سے استعفادہ حاصل کر سکیں۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے چند سالوں میں جتنے سپورٹس کے منصوبے تیار کئے ہیں اور مزید بنائے جارہے ہیں ان کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، ان منصوبوں کی تکمیل سے نوجوان زیادہ سے زیادہ سپورٹس کی جانب راغب ہوں گے، پنجاب حکومت نے پہلی بار کھلاڑیوں کی سہولت کیلئے ای لائبریریز کا بھی منصوبہ شروع کیا ہے جن میں سے 21 ای لائبریریز تیار ہوچکی ہیں ان لائبریریز میں جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، اس کے علاوہ صوبہ بھر میں انڈور گیمز کیلئے جمنیزیم بھی بنا رہے ہیں، ان سب منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہیں اور جلد مکمل کرلئے جائیں گے۔