سال بھر میں متعدد اعزازات اپنے نام کرنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مینز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ حالانکہ بابر نے پورے سال میں صرف 6 ایک روزہ میچز کھیلے لیکن انہوں نے پاکستان کے لیے ایک روزہ میچز کی دو سیریز میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔6 ایک روزہ میچز میں بابر نے 67.50 کی اوسط سے 405 رنز بنائے۔
آئی سی سی کے کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ کے لیے بابر اعظم کے مدِ مقابل بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، جنوبی افریقہ کے جینیمن ملان اور آئرلینڈ کے پال سٹرلنگ تھے۔بابر نے سب سے زیادہ 228 رنز جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ایک روزہ سیریز میں بنائے جس میں پاکستان نے 2 کے مقابلے 1 میچ سے کامیابی حاصل کی تھی۔اس کے بعد انگلینڈ کے خلاف 3 ایک روزہ میچز کی سیریز میں پاکستان کو کلین سوئپ شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم بابر نے مجموعی طور پر 177 رنز سکور کیے تھے۔