سینچورین(سپورٹس لنک رپورٹ)کلاسن کی دھواں دار بیٹنگ اور جے پی ڈومینی کی نصف سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے بھارت کو دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی، بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 188 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا تھا، جواب میں جنوبی افریقہ نے مطلوبہ ہدف 18.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، ہنرچ کلاسن اور جے پی ڈومینی نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی باؤلرز کا بھرکس نکال دیا، کلاسن نے 30 گیندوں پر 7 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 69 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ڈومینی نے 64 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر بھارت کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، پانڈے کی 79 اور دھونی کی 52 رنز کی اننگز رائیگاں گئیں، کلاسن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔سینچورین میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے، ابتدائی چار بلے باز خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے، شیکھر دھون 24، روہت شرما صفر، سریش رائنا 31 اور کپتان ویرات کوہلی ایک رن بنا کر چلتے بنے، 90 کے سکور پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد پانڈے اور دھونی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ میں 98 رنز کی شراکت جوڑ کر سکور 188 تک پہنچا دیا، پانڈے 79 اور دھونی 52 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جونیئر ڈیلا نے 2، ڈومینی اور پہلک وایو نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں جنوبی افریقہ نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوور کی چوتھی گیند پر 4 وکٹوں پر پورا کیا، پروٹیز اننگز کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 38 کے سکور پر اس کے دونوں اوپنرز ہینڈرکس 26 اور سمٹس 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، اس موقع پر ڈومینی اور کلاسن نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ میں 93 قیمتی رنز جوڑ کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا، کلاسن نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف باؤلرز کی خوب دھنائی کی، انہوں نے 30 گیندوں پر 7 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 69 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، ڈیوڈ ملر 5 رنز بنا سکے، ڈومینی نے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا اور 64 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، فرحان بہاردین 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، اوندکت نے 2، ٹھاکر اور پانڈیا نے ایک، ایک وکٹ لی۔