دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ میں بھارتی کرکٹرز تو موجود نہیں البتہ بالی وڈ اداکار سنجے کپور پی ایس ایل تھری کا افتتاحی میچ دیکھنے دبئی اسٹیڈیم پہنچ گئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے معروف اداکار انیل کپور کے بھائی اداکار سنجے کپور نے کہا کہ ’’وہ پی ایس ایل تھری کا حصہ بن کر خوشی محسوس کررہے ہیں اور اسٹیڈیم کا ماحول بہت ہی اچھا ہے‘‘۔
سنجے کپور نے کہا کہ انہیں کرکٹ میچ دیکھنا پسند ہے چاہے میچ کسی کے بھی درمیان ہو اور اس وقت دبئی میں ماحول انتہائی پرجوش ہے۔
پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان ہونے والے افتتاحی میچ کے دوران سنجے کپور نے پشاور زلمی کو سپورٹ کیا اور ان ہی کے کیمپ میں دکھائی دیے۔
سنجے کپور نے کہا کہ ’’پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی میرے اچھے دوست ہیں اور آبائی طور پر ہمارا تعلق بھی پشاور سے ہی ہے، میرے والدین وہاں پیدا ہوئے تھے، لہٰذا میں پشاور کو ہی سپورٹ کررہا ہوں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ان کے بھتیجے کی شادی دو روز قبل دبئی میں ہوئی ہے جس میں شرکت کے لیے وہ متحدہ عرب امارات آئے ہوئے ہیں۔
سنجے کپور نے کہا کہ اس میچ کے لیے جاوید آفریدی نے انہیں خاص طور پر دعوت دی تھی جو انہوں نے قبول کی اور پشاور کو سپورٹ کرنے اسٹیڈیم پہنچ گئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہو یا بھارت، کرکٹ دونوں ہی ملکوں میں بہت مقبول ہے۔ سنجے کپور نے کہا کہ ان کے پسندیدہ کھلاڑی تو اس وقت ویرات کوہلی ہیں کیوں کہ وہ اس وقت بہترین کرکٹر ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ انہیں پشاور کی سب سے اچھی چیز کیا لگتی ہے تو انہوں نے کہا کہ نام پشاور ہی اس کی سب سے اچھی بات ہے۔