قومی خواتین کرکٹرز کا ویمنز کرکٹ کی سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز پر خوشی کا اظہار

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)کورونا وائرس کی وباء کے بعد ویمنز کرکٹ کی سرگرمیوں کا 8 اکتوبر سے کراچی میں دوبارہ سے آغاز ہورہا ہے، حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقدہ ہائی پرفارمنس کیمپ میں طلب کردہ 27 خواتین کرکٹرز 24 روزہ کیمپ میں اپنی فٹنس اور اسکلز میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ میچ پریکٹس کے لیے خوب مشقیں کریں گی۔ملک میں ویمنز کرکٹ کی سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز پر قومی خواتین کرکٹرز نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی ڈیجٹل نے کپتان بسمہ معروف اور جویریہ خان سے خصوصی گفتگو کی ، جس کی تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں:

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ سات سے آٹھ ماہ بعدویمنزکرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے پر وہ بہت خوش ہیں،تمام کرکٹرز ہائی پرفارمنس کیمپ میں ایک گروپ کی شکل میں دوبارہ سے اپنی فٹنس اور اسکلز پر کام کرنے کی شدت سے منتظر ہیں ، کورونا وائرس کی وباء کے سبب کھیل کا ردھم جہاں سے ٹوٹاتھا اب اسے وہی سےجوڑنےکا وقت آگیا ہے۔ انہوں نےمزید کہا کہ ڈیوڈ ہیمپ کی بطور ہیڈ کوچ تقرری کے بعد ہم سب ان کے ساتھ کام کرنےکی منتظر ہیں، بطور کپتان وہ چاہتی ہیں کہ ان کی ٹیم دنیا کی چار بہترین ٹیموں میں شامل ہو، اس لحاظ سے ان کے ذہن میں بھی چند منصوبے ہیں جس پر غور کیا جاسکتا ہے۔کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے کہا کہ کرکٹ کی مصروفیات کے باعث وہ اپنے سسرال اور شوہر کے ساتھ زیادہ ٹائم نہیں گزار پائیں مگرلاک ڈاؤن کے دنوں میں انہوں نے زیادہ تر وقت اپنی فیملی کے ساتھ گزارا، اس دوران انہوں نے اپنی فٹنس پر بھی خاص توجہ دی اور سخت فزیکل ٹریننگ سے دن کے آغاز کواپنی روٹین بنایا۔

جویریہ خان، بیٹر:قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی تجربہ کار بیٹر جویریہ خان کا کہنا ہےکہ وہ کرکٹ کی سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز پر بہت خوش ہیں، جس کھیل سے محبت ہو اور وہ کھیلنے کی دوبارہ اجازت مل جائے توایک کھلاڑی کی حیثیت سے آپ کو اور کیا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نئے ہیڈ کوچ کا تقرر بھی ہوچکا ، ہم سب کو اب صرف میدان میں واپسی کا انتظار ہے۔جویریہ خان نے کہا کہ دو سے تین روز کی چھٹی سے تو لطف اندوز ہوسکتے ہیں مگر لاک ڈاؤن کی وجہ سے اتنے عرصے تک کھیل سے دور رہنا آسان نہیں تھا، تاہم اس دوران انہوں نےپینٹنگز، گنگنانے اور فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کو ترجیح دی۔

انہوں نے کہا کہ ایک پروفیشنل کرکٹر کی حیثیت سے فٹنس پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے لاک ڈاؤن کے دنوں میں بھی اپنی فٹنس پر خاص توجہ دی مگر اب وہ 8 اکتوبر سے شروع ہونے والے کیمپ میں نیٹ سیشنز کی منتظر ہیں۔ پی سی بی نے کیمپ کے لیے جن 27 خواتین کھلاڑیوں کو کراچی طلب کیا ہے، ان کے نام مندرجہ ذیل ہیں:ایمن انور،عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، عائشہ ظفر، ناہیدہ خان، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، ارم جاوید، جویریہ رؤف، جویریہ خان، کائنات امتیاز، کائنات حفیظ،ماہم طارق، منیبہ علی،نجیہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، ندا ڈار، عمیمہ سہیل،رامین شمیم، صباء نزیر، سعدیہ اقبال،سدرہ امین،سدرہ نوازاور سیدہ عروب شاہ۔

error: Content is protected !!