ٹوئنٹی ایشیا کپ 2022 کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو وہاں پر پاکستانی کرکٹرز چھائے ہوئے ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں براجمان ہیں۔انہوں نے تین میچزمیں 96 کی اوسط سے 192 رنز بنائے جبکہ دوسرے نمبر پر سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی موجود ہیں جنہوں نے 4 میچز میں اب تک 51.33 کی اوسط سے 154 رنز بنائے ہیں۔بھارت کے خلاف فتح گر اننگز کھیلنے والے آل رائونڈر محمد نواز سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں کی فہرست میں ٹاپ پر ہیں، انہوں نے تین میچز میں 7 کھلاڑیوں کا شکار کیا، ان کا اکنامی ریٹ 6.51 ہے۔نواز نے دو اننگز میں 22 کی اوسط سے 43 رنز بھی بنائے جبکہ افغانستان کے مجیب الرحمان بھی تین میچز میں 7 وکٹیں لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر شاداب خان بیسٹ بولنگ فیگرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔انہوں نے ہانگ کانگ کے خلاف میچ میں 2 اوورز میں 8 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا تھا۔دوسرے نمبر پر بھارت کے بھونیشور کمار ہیں جنہوں نے پاکستان کے خلاف 4 اوورز میں 26 رنز کے عوض 4 وکٹیں لی تھیں۔ سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والوں کی فہرست میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر ہے۔ انہوں نے ہانگ کانگ کے خلاف میچ میں 57 گیندوں کی مدد سے 78 رنز بنائے تھے جبکہ بھارت کے خلاف 71 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔واضح رہے کہ بھارتی بیٹر ویرات کوہلی بھی ایونٹ میں اب تک دو نصف سنچریاں سکور کرچکے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف سپر فور مرحلے کے میچ میں 60 رنز کی اننگز کھیلی تھی جبکہ وہ پہلے مرحلے میں ہانگ کانگ کے خلاف 59 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے تھے۔، یہ اعداد و شمار افغانستان اور پاکستان کے درمیان میچ سے قبل کے ہیں۔