پورٹ الزبتھ (سپورٹس لنک رپورٹ) آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے بعد دوسرے ٹیسٹ کے دوران بھی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان لفظی گولہ باری جاری رہی، جنوبی افریقن فاسٹ باؤلر ربادا کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر آسٹریلوی کرکٹر مچل مارش پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز ربادا نے پہلے ہی اوور میں آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش کو آؤٹ کیا جس پر مارش نے ان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی۔ آئی سی سی نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے مارش کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا اور ان پر لیول ون چارج عائد کر دیا جس کے تحت مچل مارش 20 فیصد میچ فیس سے محروم ہو گئے۔