پاکستان شاہینز ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں پہنچ گئی۔
پاپوا نیوگنی کو 8 وکٹوں سے شکست۔ علی اسفند کی چار وکٹیں، شاویز کی نصف سنچری۔
پاکستان شاہینز ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں پہنچ گئی ۔ جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں اس نے پاپوا نیوگنی کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔
میچ کی خاص بات لیفٹ آرم اسپنر علی اسفند کی 4 وکٹیں اور شاویز عرفان کی نصف سنچری تھی۔
پاکستان شاہینز کی پانچ میچوں میں یہ لگاتار چوتھی کامیابی ہے۔
اس سے قبل اس نے اے سی ٹی کامیٹس کو9 وکٹوں سے میلبرن رینی گیڈز کو 8 رنز سے اور میلبرن اسٹارز کو 43 رنز سے ہرایا تھا جبکہ این ٹی اسٹرائیک کے خلاف اسے59 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاپوا نیوگنی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر120 رنز بنائے۔
پاکستان شاہینز نے 13 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔
پاپوا نیوگنی کے بیٹرز مکمل طور پر پاکستانی بولرز کے رحم و کرم پر رہے۔
سیزے باؤ 32رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے ان کی اننگز میں تین چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔نارمن ونوآ نے تین چوکوں کی مدد سے25 رنز اسکور کیے۔
علی اسفند نے صرف 11 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔عالیان محمود اور عرفات منہاس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان شاہینز کو پہلے ہی اوور میں شامل حسین کا نقصان برداشت کرنا پڑا لیکن اس کے بعد شاویز عرفان نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 29 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کرڈالی جس میں 9چوکے شامل تھے۔
شاویز عرفان 32گیندوں پر 54 رنز اسکور کرکے آؤٹ ہوگئے ان کی اننگز میں 10 چوکے شامل تھے۔
پاکستان شاہینز کے100 رنز گیارہویں اوور میں مکمل ہوئے۔
کپتان روحیل نذیر33 ناٹ آؤٹ اور آزان اویس 26 رنز ناٹ آؤٹ کی موجودگی میں پاکستان شاہینزکو منزل تک پہنچنے میں کوئی دشواری نہیں ہوئی ۔ان دونوں نے تیسری وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 51 رنز کا اضافہ کیا۔
مختصر اسکور۔
پاپوا نیوگنی ۔120 رنز8 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) ۔سیزے باؤ 32۔ نارمن وانوآ 25۔علی اسفند 11 / 4 وکٹ۔عالیان محمود 21/ 2 وکٹ۔ عرفات منہاس 24 / 2 وکٹ۔
پاکستان شاہینز۔ 121رنز 2 کھلاڑی آؤٹ ( 12 اعشاریہ 5اوورز ) شاویز عرفان 54 ۔روحیل نذیر32 ناٹ آؤٹ ۔ آزان اویس26 ناٹ آؤٹ ۔