دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے بین الاقوامی کھلاڑیوں نے پلے آف مرحلے اور فائنل میچ میں شرکت کے لیے پاکستان آنے پر رضامندی کا اظہار کردیا۔خیال رہے کہ پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے میں ایلیمنیٹر 1 اور ایلیمنیٹر 2 بالتریتیب 20 اور 21 مارچ کو لاہور کے قذافی کرکٹ اسٹیڈیم ٗ 25 مارچ کو فائنل میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھلا جائے گا۔پی ایس ایل کے کوالیفائر میچ دبئی میں ہی کھیلا جائے گا جس میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ مدِ مقابل ہوں گیاور جیتنے والی ٹیم کراچی میں فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی ٗ ہارنے والی ٹیم لاہور میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہونے والے ایلیمنیٹر 1 کی فاتح ٹیم سے ایلیمنیٹر 2 میں مقابلہ کرے گی۔ایلیمنیٹر 2 کی فاتح ٹیم کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں جگہ بنائے گی۔کراچی کنگز کے جن کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کیلئے رضامندی کا اظہار کیا ہے ان میں انگلینڈ کے جو ڈنلے، ٹائمل ملز، روی بھوپارا ویسٹ انڈیز کے لینڈل سمنز اور جنوبی افریقہ کے کولنگ انگرام اور ڈیوڈ وائزے شامل ہیں جبکہ ایون مورگن نے پاکستان آنے سے انکار کردیا۔ادھر پشاور زلمی کے تمام بین الاقوامی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کی حامی بھرلی جیسا کہ گزشتہ برس بھی تمام کھلاڑی پاکستان آئے تھے۔دوسری جانب اسلام آباد یونائٹڈ کے جین پال ڈومینی، لوک رونکی اور سمیٹ پٹیل نے پاکستان آنے کے لیے آمادہ ہو گئے۔دریں اثناء کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی کیون پیٹرسن نے کہا ہے کہ خواہش تھی پاکستان جاؤں لیکن فیملی نے جانے سے روک دیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کیون پیٹرسن نے پاکستان سپر لیگ کے پاکستان میں کھیلے جانے والے میچز میں شرکت سے انکار کردیا تھا جبکہ وہ گزشتہ سیزن میں بھی پاکستان نہیں آئے تھے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنے ویڈیو پیغام میں کیون پیٹرسن نے کہا کہ افسوس کیساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ میں واپس لندن جارہا ہوں، خواہش تھی کہ پاکستان جاؤں لیکن فیملی کافیصلہ ہے کہ مجھے نہیں جاناچاہیے، امید ہے مداح میرے اور فیملی کے فیصلے کا احترام کریں گے۔پیٹرسن نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اپنی ٹیم کی جیت کی امید بھی ظاہر کی۔