کرکٹ

ایشیا کپ رائزنگ سٹارز : پاکستان شاہینز نے انڈیا اے کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔

ایشیا کپ رائزنگ سٹارز : پاکستان شاہینزنے انڈیا اے کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔

معاذ صداقت کی جارحانہ بیٹنگ

دوحہ قطر 16 نومبر۔ پاکستان شاہینز نے ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کے دوسرے میچ میں انڈیا اے کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔اس میچ کی خاص بات معاذ صداقت کی جارحانہ بیٹنگ تھی۔

یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان شاہینز کی دوسری کامیابی ہے۔

ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں اتوار کو کھیلے گئے گروپ بی کے اس میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر انڈیا اے کو بیٹنگ دی جو پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں 19 اوررز میں 136رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

جواب میں پاکستان شاہینز نے 13 اعشاریہ 2 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔

انڈیا اے کی اننگز میں ویبھاؤ سوریاونشی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 28 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5چوکوں کی مدد سے45 رنز بنائے۔ انہیں سفیان مقیم نے آؤٹ کیا۔

نمن دھیر نے 35رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 6 چوکے شامل تھے ان کی وکٹ سعد مسعود نے حاصل کی۔ انڈیا اے کی آخری 8 وکٹیں سکور میں صرف 45 رنز کا اضافہ کرسکیں۔

پاکستان شاہینز کی طرف سے شاہد عزیز نے24 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ معاذ صداقت اور سعد مسعود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ سفیان مقیم ۔ عبید شاہ اور احمد دانیال نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان شاہینز کی اننگز میں معاذ صداقت اور محمد نعیم نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 55 رنز کا اضافہ کیا ۔محمد نعیم ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 14رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

معاذ صداقت نے 47گیندوں پر 79 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

انہوں نے عمان کے خلاف96 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ یاسر خان 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد فائق ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان شاہینز ٹورنامنٹ میں اپنا تیسرا اور آخری گروپ میچ 18 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!