قائداعظم ٹرافی : علی زریاب، احمد شہزاد، حسین طلعت اور جنید علی کی سنچریاں
لاہور 4 اکتوبر، 2023:ء
قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ کے میچوں کے پہلے دن کھیل کی خاص بات احمد شہزاد، علی زریاب، حسین طلعت اور جنید علی کی سنچریاں تھیں۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں لاہور وائٹس نے پشاور کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پہلے دن کا اختتام375 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر کیا۔اس اننگز کی خاص بات احمد شہزاد اور علی زریاب کی سنچریاں تھیں۔ علی زریاب اکیس چوکوں کی مدد سے 141 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔
احمد شہزاد بائیس چوکوں کی مدد سے 163 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔ان کے ساتھ عابدعلی 21 رنز پر کھیل رہے ہیں۔
احمد شہزاد اور علی زریاب نے دوسری وکٹ کی شراکت میں285 رنز کا اضافہ کیا۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں راولپنڈی نے ٹاس جیت کر لاہور بلوز کو بیٹنگ دی ۔ لاہور بلوز نے پہلے دن کھیل ختم ہونے پر359 رنز بنائے تھے اور اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
حسین طلعت اور جنید علی نے سنچریاں اسکور کیں۔ حسین طلعت دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 100رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔ جنید علی چودہ چوکوں کی مدد سے 102 رنز بناکر کھیل رہے ہیں ۔ یہ دونوں پانچویں وکٹ کی شراکت میں211 رنز کا اضافہ کرچکے ہیں۔
ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں فاٹا نے ٹاس جیت کر فیصل آباد کو بیٹنگ دی جو اپنی پہلی اننگز میں 215 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان فہیم اشرف نے 12 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے۔محمد حریرہ نے 37 رنز اسکور کیے۔آصف آفریدی نے 37 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں فاٹا نے کھیل ختم ہونے پر ایک وکٹ کے نقصان پر 9 رنز بنائے تھے۔
شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم پنڈی میں ملتان نے کراچی وائٹس کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 220 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔علی عثمان نے چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے57 رنز اسکور کیے۔
میرحمزہ اور تابش خان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
کراچی وائٹس نے کھیل ختم ہونے پر پانچ وکٹوں کے نقصان پر 86رنز بنائے تھے۔ صائم ایوب 9 چوکوں کی مدد سے 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔