پاکستان ویمنز اور بنگلہ دیش ویمنز کے درمیان تیسرا اور فیصلہ کن ون ڈے آج ہوگا
پاکستان اور بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل کل ڈھاکا کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ فاتح ٹیم نہ صرف ون ڈے سیریز اپنے نام کرلے گی بلکہ وہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں دو قیمتی پوائنٹس بھی حاصل کرلے گی۔
پاکستان ویمنز ٹیم اس وقت 14 میچوں میں 14 پوائنٹس حاصل کرچکی ہے جبکہ بنگلہ دیش کے 11 میچوں میں 9 پوائنٹس ہیں۔
پاکستان ویمنز نے پہلا ون ڈے انٹرنیشنل سعدیہ اقبال کی چار وکٹوں اور ندا ڈار کی 35 رنز ناٹ آؤٹ اور تین وکٹوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پانچ وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ بنگلہ دیش ویمنز نے دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل سپر اوور میں جیت کر سیریز برابر کردی۔
سیریز میں اب تک بولرز کا پلہ بھاری رہا ہے سعدیہ اقبال دو میچوں میں چھ وکٹیں لے کر سرفہرست ہیں جبکہ ام ہانی۔ ندا ڈار اور بنگلہ دیش کی ناہیدہ اختر چار چار وکٹیں حاصل کرچکی ہیں۔ بیٹنگ میں دونوں کپتان ندا ڈار اور نگار سلطانہ نمایاں ہیں۔ نگار سلطانہ نے دوسرے ون ڈے میں 54رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد سپر اوور میں اپنی ٹیم کو چوکا لگاکر کامیابی دلائی۔
کپتان ندا ڈار پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ہم کل کا میچ جیت کر ٹرافی گھر لے جانا چاہتی ہیں۔ہم نے پچھلے میچ میں چند غلطیاں کیں لیکن تمام کھلاڑیوں کو کل کے میچ کی اہمیت کا اندازہ ہے کیونکہ اس کے نتیجے میں ہمیں آئی سی سی چیمپئن شپ میں دو قیمتی پوائنٹس بھی ملیں گے۔
ندا ڈار کا کہنا ہے کہ ہمیں بنگلہ دیشی ٹیم کی صلاحیت کا بھی اندازہ ہے لہذا ہم اس چیلنج کے لیے تیار ہیں مجھے اپنی کھلاڑیوں پر مکمل بھروسہ ہے کہ وہ دوسرے میچ کی شکست کے بعد تیسرے میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔
پاکستان ویمنز ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
ندا ڈار ( کپتان ) عالیہ ریاض۔ بسمہ معروف۔ ڈیانا بیگ ۔ غلام فاطمہ ۔ ارم جاوید۔ منیبہ علی ( وکٹ کیپر ) نجیہہ علوی ( وکٹ کیپر ) نشرہ سندھو۔ نتالیہ پرویز۔ صدف شمس۔ سعدیہ اقبال۔ سدرہ امین ۔ ام ہانی اور وحیدہ اختر۔