انٹر کالج رمضان T-20 کپ میں دی سٹی اسکول اور ہیپی پیلس کالج کی کامیابی۔”
حمزہ قریشی کی شاندار سینچری ، عمر اعجاز کی جارحانہ بولنگ۔
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے منعقد کردہ انٹر کالج رمضان T-20 کپ میں گزشتہ روز فلڈ لائٹس میں کھیلے گئے مزید دو میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔
آئی بی اے کراچی یونیورسٹی گراؤنڈ پر کھیلے گئے پہلے میچ میں دی سٹی اسکول نے گورنمنٹ پاکستان شپ اونرز کالج کو 47 رنز ہرا دیا۔
دی سٹی اسکول نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے حمزہ قریشی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 15 چوکوں 2 چھکوں کی مدد سے ٹورنامنٹ کی پہلی سینچری 103 رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔
جبکہ عمر عثمان نے 61 رنز بنائے۔ مزمل احمد نے 2 وکٹ حاصل کیے۔جواب میں گورنمنٹ پاکستان شپ اونرز کالج نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔ عبدل رافع الحق 47 اور نور زمان نے 31 رنز بنائے۔
سیف سرفراز نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی افضل قریشی نے حمزہ قریشی کو پلیئر آف دی میچ کا پانچ ہزار روپے کا کیش ایورڈ دیا۔اس موقع پر عارف وحید ، طارق حفیظ اور سعید بن ناصر بھی موجود تھے ۔
عید گاہ گراؤنڈ ناظم آباد پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں ہیپی پیلس کالج نے گورنمنٹ دھلی کالج کو 43 رنز سے ہرا دیا۔ ہیپی پیلس کالج نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔
ارہم اشرف نے 57 رنز بنائے۔ اذہان فرید نے 18 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔جواب میں گورنمنٹ دہلی کالج کی ٹیم 121 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ عمر اطہر واسطی نے 42 رنز بنائے۔
سلو لیفٹ آرم ارم لیگ اسپنر عمر اعجاز نے 13 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔کھیل کے اختتام پر مہمان خصوصی سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ظفر احمد نے عمر اعجاز کو پلیئر آف دی میچ کا پانچ ہزار روپے کا کیش ایورڈ دیا۔