ہائر ایجوکیشن کی ٹیم پریذیڈنٹ کپ کے فائنل میں پہنچ گئی
ہائر ایجوکیشن اور غنی گلاس کا سیمی فائنل بارش کی وجہ سے نامکمل رہا
شرجیل خان اور طیب طاہر کی سنچریاں ، فائنل میں ہائر ایجوکیشن اور ایس این جی پی ایل مدمقابل
لاہور 10 مئی، 2024:ء نوازگوھر
ہائر ایجوکیشن نے پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
سیمی فائنل میں ہائر ایجوکیشن کا مقابلہ غنی گلاس سے تھا تاہم بارش اور خراب موسم کی وجہ سے یہ میچ ہائر ایجوکیشن کی اننگز کے اٹھارہویں اوور میں روک دینا پڑا
لیکن چونکہ لیگ میچوں میں ہائر ایجوکیشن نے آٹھ اور غنی گلاس نے چھ پوائنٹس حاصل کیے تھے لہذا ہائر ایجوکیشن نے فائنل میں جگہ بنالی۔ اس میچ کی خاص بات غنی گلاس کے شرجیل خان اور طیب طاہر کی سنچریاں تھیں۔
اب 12 مئی کو ہونے والے فائنل میں ہائر ایجوکیشن کا مقابلہ ایس این جی پی ایل سے ہوگا جس نے پہلے سیمی فائنل میں اسٹیٹ بینک کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
جمعہ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں غنی گلاس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 392 رنز بنائے ۔
ہائر ایجوکیشن نے جواب میں 17.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر115 رنز بنائے تھے۔
غنی گلاس کی اننگز میں شرجیل خان نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 67 گیندوں پر105 رنز اسکور کیے جس میں 12 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے انہوں نے طیب طاہر کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 148 رنز کا اضافہ کیا۔
طیب طاہر نے 107 رنز کی اہم اننگز کھیلی جس میں 12 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
سعد نسیم نے61 رنز بنائے۔ اسامہ میر نے آؤٹ ہوئے بغیر 51 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ شاہد عزیز اور وسیم اکرم جونیئر نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
ہائر ایجوکیشن کی اننگز میں محمد ہریرہ 44 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
مختصر اسکور:
غنی گلاس 392 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ ( 50 اوورز ) طیب طاہر 107، شرجیل خان 105، سعد نسیم 61، اسامہ میر51 ناٹ آؤٹ; شاہد عزیز 66 / 3 وکٹ وسیم اکرم جونیئر 70 / 3 وکٹ
ہائر ایجوکیشن کمیشن 115 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ ( 17.3 اوورز ) محمد ہریرہ 44 ناٹ آؤٹ
نتیجہ ۔ میچ کا نتیجہ برآمد نہ ہوسکا تاہم لیگ میچوں میں زیادہ پوائنٹس کی بنیاد پر ہائر ایجوکیشن نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔