لال سعید خان کو وطن سے محبت کے جذبے نے عظیم باکسر بنایا
غنی الرحمن
پشاور : پاکستان سے تعلق رکھنے والے لال سعید خان وہ عظیم باکسر ہیں ،جنہوںنے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک وقوم کانام روشن کیاہے ۔
لال سعیدخان نے باکسنگ کی دنیامیں اس دور میںخود کو منوایا جب سہولیات نام کی کوئی چیز موجود نہ تھی،تاہم اس وقت کھلاڑیوں میں وطن سے محبت کا جذبہ بہت تھا اور اپنے وطن پاکستان کے سبزہلالی جھنڈے کو دیار غیر میں لہرانے اور بلند رکھنے کیلئے پوری لگن سے کھیلتے تھے ،
دیگر کھلاڑیوں کی طرح لال سعید خان کو بھی پاکستان سے بے حد پیارتھا ،اسی جذبے کی وجہ سے آج وہ دنیامیں جانے اور پہنچانے جاتے ہیں۔ حکومت پاکستان نے انہیںصدارتی ایورڈ ،،پرائڈ آف پرفارمنس ،،سے نوازا۔سابق انٹر نیشنل باکسر لال سعیدخان نے 1969 کو باکسنگ ایڈونچر کا آغاز دیکھا۔
وہ خوش قسمت تھے کہ پاکستان آرمی سے تعلق رکھنے والے یعقوب کامرانی اور امریکہ کے ٹام جان سمیت کئی عظیم ٹرینرز کی خدمات حاصل کیں۔وہ بتاتے ہیں ان دونوں نے انکی صلاحیتوں کو نکھارنے میں کلیدی رول اداکیاہے اوراللہ کے فضل سے قومی چمپئن شپ جیتنے میں کامیاب ہوگیا۔
لال سعیدخان اس بات کومانتے ہیں کہ ان دونوں کوچز نے ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میںبہت مدد کی۔ اسی چیز نے لال سعید کوآٹھ سال تک قومی چمپئن کے طور پر اپنا ٹائٹل برقرار رکھنے میں مدد کی۔
لال سعیدنے کئی عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ سری لنکا میں 1971 کے انٹرنیشنل چمپئن شپ ہلالی کپ میں پاکستان کےلئے گولڈ میڈل حاصل کرنا ان کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک ہے۔اسکے علاوہ بھی کئی نیشنل اور انٹر نیشنل مقابلوں میں میڈلز اپنے نام کیئے ۔
ایک کامیاب کیریئر کے بعد لال سعید نے نوجوانوں کی تربیت شروع کی۔ تقریباً دو دہائیوں تک پاکستان نیوی میں بطور فزیکل ٹرینر خدمات انجام دی ہے۔
قومی سطح پر باکسنگ پر غلبہ حاصل کرنے میں بحریہ کی ٹیم کی مدد کرنے میں لال سعیدنے اہم کردار ادا کیا۔ ان کی باکسنگ خدمات کے اعتراف میںانہیںحکومت پاکستان نے 2010 میں صدارتی پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔اس سے قبل 1974 میں چیف آف دی نیول سٹاف نے انہیں بہترین کارکردگی کے اعزاز سے نوازا۔