آسٹریلیا 3 گولڈ میڈلز کیساتھ ٹیبل پر سر فہرست آگیا
پیرس اولمپکس میں میڈلز کی دوڑ شروع ہوگئی اور پہلے روز آسٹریلیا 3 گولڈ میڈلز کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست آگیا جبکہ چین نے 2 گولڈ میڈل اپنے نام کیے۔
پیرس اولمپکس میں میڈلز کے حصول کی جنگ شروع ہوگئی، پیرس اولمپکس کا پہلا گولڈ میڈل چین نے اپنے نام کیا۔ چین کی ٹیم نے 10 میٹر ائیر رائفل میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔
چین نے دوسرا گولڈ میڈل سنکرونائزڈ تھری میٹر ڈائیونگ کے مقابلوں میں حاصل کیا۔ اس ایونٹ میں امریکہ نے سلور اور برطانیہ نے برانز میڈل حاصل کیا۔
مینز روڈ سائیکلنگ میں بیلجیم کا گولڈ میڈل اور آسٹریلیا نے انفرادی ٹائم ٹرائلز میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔
آسٹریلیا نے دوسرا گولڈ میڈل 400 میٹر فری اسٹائل میں جیتا۔
آسٹریلیا کی ٹائٹمس نے خواتین کی 400 میٹر فری اسٹائل میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ کینیڈا کی سمر میک انٹوش نے سلور اور امریکا کی کیٹی لیڈکے نے برانز میڈل جیتا۔
آسٹریلیا نے تیسرا گولڈ میڈل خواتین کی 4×100 ری لے میں اپنے نام کیا۔آسٹریلین ٹیم نے 3:28.92 کی ٹائمنگ کے ساتھ نیا اولمپک ریکارڈ بنایا۔
خواتین کی 4×100 ری لے میں میں امریکہ نے سلور اور چین نے برانز میڈل جیتا۔اس گولڈ میڈل کے ساتھ آسٹریلیا 3 گولڈ میڈلز کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست آگیا۔
پیرس اولمپکس میں پہلے دن کا آخری گولڈ میڈل کوریا نے اپنے نام کیا، جنوبی کوریا کے او سینگوک نے مینز فینسنگ سیبر میں گولڈ میڈل جیتا،
فائنل میں او سینگوک نے تیونس کے فارس فرجانی کو شکست دی، اسی طرح برانز میڈل کا مقابلہ اٹلی کے لوگی سیمل نے اپنے نام کیا۔
اس کے علاوہ پیرس اولمپکس میں میزبان فرانس بھی گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔ فرانس نے فجی کو ہرا کر رگبی 7 میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ رگبی 7 میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو ہراکر برانز میڈل جیتا۔
پیرس اولمپکس شوٹنگ مقابلوں میں پاکستان کے گلفام جوزف اور کشمالہ طلعت 10 میٹر ائیر پسٹل مقابلوں کے فائنل راؤنڈ میں جگہ نہ بناسکے۔ مردوں کی 10 میٹر ایئرپسٹل شوٹنگ میں گلفام جوزف اپنا ریکارڈ برقرار نہ رکھ سکے اور 33 میں سے 22 ویں نمبر پر رہے۔
دوسری سیریز میں گلفام نے 9 ٹارگٹ مس کیے اور صرف 91 پوائنٹس حاصل کرسکے جس کی وجہ سے ان کی پوزیشن کافی متاثر ہوئی۔ ان کا مجموعی اسکور 571 رہا۔
خواتین کی 10 میٹر ایئرپسٹل میں کشمالہ طلعت بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکیں۔ انہوں نے 6 سیریز میں مجموعی طور پر 567 پوائنٹس حاصل کیے۔
کشمالہ نے پہلی سیریز میں 93، دوسری میں 97، تیسری میں 94 پوائنٹس حاصل کیے۔ آخری 3 سیریز میں پاکستانی شوٹر 93، 95 اور 95 پوائنٹس حاصل کیے اور مجموعی طور پر وہ 31 ویں نمبر پر رہیں۔
کشمالہ اور گلفام جوزف 29 جولائی کو مکسڈ ٹیم کے ایونٹ میں بھی شریک ہوں گے، کشمالہ طلعت خواتین کی 25 میٹر پسٹل مقابلوں میں بھی شریک ہوں گی۔