کراچی نیشنل گیمز :امن کیلئے کھیل کا میدان سجائیں گے: احمد علی راجپوت
شہر قائد کے مختلف مقامات کو خوبصورتی سے سجایا جائے گا،
قومی ہیروز کی تصاویروں پر مبنی بینرز بھی آویزاں کیے جائیں گے
حکومت کی مدد سے ریوائیول آف سپورٹس کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں:
سیکرٹر ی سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کی وفد سے گفتگو
لاہور( سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری اور سندھ اولمپک ایسوسی
ایشن کے سیکرٹر ی احمد علی راجپوت نے وفاقی حکومت کی جانب سے 2025 کو کھیلوں کی بحالی کا سال قرار دینے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے کھیل اور کھلاڑی کیلئے نیک شگون قرار دیا ہے۔
احمد علی راجپوت نے بتایاکہ نیشنل گیمز 2025 کی میزبانی کراچی کو ملی ہے لہٰذاہم کراچی نیشنل گیمز کیلئے بھرپور طریقے سے کھیل کا میدان سجائیں گے تاکہ ریوائیول آف سپورٹس ممکن ہو سکے۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پاکستان سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے صدر محمد اقبال ہارپر کی قیادت میں کراچی کا دورہ کرنے والے وفدجن میں ممبرز ایونٹ کمیٹی محبوب احمد چوہدری،تنویر احمد اورطاہر عباس شامل ہیں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،
اس موقع پر کراچی کے سینئر سپورٹس جرنلسٹ ریاض الدین اورپاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق خازن گلفراز احمد بھی موجود تھے۔
سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹر ی احمد علی راجپوت نے کہا کہ کراچی نیشنل گیمزکا شاندار انعقاد ممکن بنانے کیلئے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسن اقبال، سندھ حکومت اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے درمیان جلد ہی ایک میٹنگ ہو گی
جس میں سندھ اولمپک ایسوسی ایشن نیشنل گیمز کے انعقاد کے حوالے سے پریزینٹیشن پیش کرے گی ،جس کی منظوری کے بعد حکومت کراچی نیشنل گیمز کے انعقاد کیلئے فنڈ ز جاری کرے گی
اس کے بعد باقاعدہ طور پر قومی کھیلوں کے انعقاد کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دی جائے گی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے خصوصی تعاون سے شہر قائد کے مختلف مقامات کو خوبصورتی سے سجایا جائے گا،
قومی ہیروز کی تصاویروں پر مبنی بینرز بھی آویزاں کیے جائیں گے، سابق اولمپین کو بطور مہمانان اعزاز مدعو کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میںاحمد علی راجپوت نے بتایا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے منسلک کھیلوں کی تمام فیڈریشنز کو تلقین کی گئی ہے
کہ وہ نیشنل گیمز سے قبل ریفری جج اینڈ کوچنگ کورسز ، اینٹی ڈوپنگ ورکشاپس اورٹریننگ کیمپوں کا باقاعدہ انعقاد یقینی بنائیں تا کہ مختلف کھیلوں کے ایونٹس کے انعقاد کیلئے ٹیکنیکل آفیشل اور کھلاڑی بھرپور تیاری کے ساتھ نیشنل گیمز میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جیولن تھرو کے کھلاڑی ارشد ندیم کے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد حکومت، افواج پاکستان،
واپڈا سمیت مختلف اداروں کی جانب سے ارشد ندیم کی جس طرح پذیرائی کی جا رہی ہے اس سے تمام کھلاڑیوں میں
ایک جوش اور ولولہ پیدا ہوا ہے اب دیگر ایتھلیٹ بھی انٹرنیشنل ایونٹس میں گولڈ میڈل کے حصول کیلئے پہلے سے زیادہ محنت کریں گے۔