پاکستان میتھ میٹکس اولمپیاڈ کے پیپر میں 7600 طلباء وطالبات کی شرکت
(اصغر علی مبارک)
اسلام آباد; پاکستان میتھ میٹکس اولمپیاڈ(پی ایم او)کے پیپر میں اندرون وبیرون ملک 7600 طلباء وطالبات نے شرکت کی۔
وفاقی تعلیمی بورڈنے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسزاور اسلامک ورلڈ ایجوکیشنل سائنٹیفک اینڈ کلچرل آرگنائزیشن( آئسیسکو)کے تعاون سے پاکستان میتھ میٹکس اولمپیاڈ(پی ایم او)کا مقابلہ پاکستان میں 66
اور بیرون ملک3 قائم کردہ امتحانی مراکز میں منعقد ہوا۔ فیڈرل بورڈ کے زیراہتمام بیرون ملک 2امتحانی مراکز سعودی عرب اور1کویت میں قائم کیاگیاتھا
جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں بشمول آزادجموں وکشمیر اور گلگت بلتستان 66مراکز قائم کیے تھے جہاں اتوار کوبیک وقت صبح 10بجے پیپر شروع ہوا۔ اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب اسلام آباد ماڈل کالج فاربوائز آئی ایٹ تھری میں منعقد ہوئی
جس کے مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی نے چیئرمین فیڈرل بورڈ وڈی جی فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن سید جنیداخلاق ، دیگر اعلیٰ افسران و پرنسپلز کے ہمراہ پی ایم او میں حصہ لینے والے بچوں کو خوش آمدید کہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پی ایم او کا مقصد پاکستان اور بیرون ملک ریاضی کے طلبہ میں میتھ میٹیکل صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے،
یہ مقابلہ خصوصاََ ثانوی اور اعلیٰ ثانوی یا اس کے مساوی سطح کے طلبہ کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔ریاضی مطالعے کے مختلف شعبوں میں ایک بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہے،
اس بنیادی کردار کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستان میتھ میٹکس اولمپیاڈ(پی ایم او)، طلبہ کی ریاضی کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ تنقیدی سوچ اور مسئلہ حل کرنے کی مہارت کو بھی پروان چڑھائے گا،
جو مختلف شعبوں میں کامیابی کے لیے ضروری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ تعلیمی معیارکو برقرار رکھنے کے لیے، لمزکے شعبہ ریاضی نے پی ایم اوکے لیے ایک خصوصی نصاب تیار کیا ہے جو کہ بین الاقوامی معیارکے مطابق ہے،
جس سے شرکاکو ریاضی میں مضبوط بنیاد حاصل ہو سکے گی۔ طلبہ کی موثر تیاری کے لیے ایک ماڈل سوالیہ پرچہ بھی تیار کیا گیا تھا۔
شرکاء کی محنت اور لگن کودیکھتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی طرف سے پی ایم اومقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والوں کیلئے نقد انعامات، تمغے، لیپ ٹاپ، اور دیگر انعامات جیتنے کا موقع ملے گا، جن میں پاکستان کی بہترین جامعات میں داخلہ بھی شامل ہے۔