چیمپئنز ٹرافی، پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل پر آئی سی سی سے تحریری یقین دہانی مانگ لی، بھارتی میڈیا
دبئی (آئی پی ایس ) چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی اور میچز کے حوالے سے آئی سی سی کی جانب سے بدھ کو حتمی اعلان متوقع ہے تاہم بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے تحریری یقین دہانی مانگ لی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے مبینہ طور پر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی)سے بات چیت کے بعد مستقبل کے آئی سی سی ٹورنامنٹس کے ہائبرڈ ماڈل پر بین الاقوامی ادارے سے تحریری یقین دہانی کا مطالبہ کیا ہے۔
آئی سی سی ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم حکومتی پالیسی کی وجہ سے پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی۔ جبکہ پی سی بی نے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو قبول کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے
جس میں بھارت کے میچ دبئی میں کھیلے جائیں گے جبکہ باقی ٹورنامنٹ پاکستان میں کھیلا جائے گا۔اگر بھارت سیمی فائنل اور فائنل تک رسائی حاصل کرتا ہے تو یہ میچز بھی دبئی میں ہی ہوں گے۔
بھارتی میڈیا کے ذرائع کے مطابق “پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی سے مستقبل کے بین الاقوامی مقابلوں کے لیے ایک ہائبرڈ ماڈل کے حوالے سے تحریری یقین دہانی چاہتا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی چیمپئنز ٹرافی کے بارے میں فیصلہ بدھ تک متوقع ہے۔دریں اثنا، امارات کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے فیصلے پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے اور بھارت کے میچز کی میزبانی کی تصدیق کر دی ہے۔