دانیال شاہ کا پاکستان اوپن ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ میں ڈبل کراؤن
سنگلز اوپن کے بعد گرینڈ ماسٹر ایونٹ جیتا،پرفیکٹ اسکور کے ساتھ ورلڈ ریکارڈ بھی برابرکیا
مہمان خصوصی کرنل (ر) تنویر حسین نے شکیل الرحمان اور
علیم آغا کے ہمراہ کھلاڑیو ں میں انعامات تقسیم کئے
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) دانیال شاہ نے نویں پاکستان اوپن ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ کا گرینڈ ماسٹر سنگلز ٹائٹل جیت کر ڈبل کراؤن مکمل کیا جبکہ فور مین ٹیم ایونٹ علی نعمان،ایان،سکندر حیات اور معیزکے نام رہا۔
دانیال شاہ نے اوپن سنگلز اور گرینڈ ماسٹر کا ٹائٹل جیتنے کے ساتھ ساتھ 300کا پرفیکٹ اسکور بناکر ورلڈ ریکارڈ بھی برابر کیا۔اختتامی تقریب میں ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی کے کرنل (ر) تنویر حسین مہمان خصوصی تھے
جبکہ پاکستان باؤلنگ فیڈریشن کے سیکریٹری حسین چٹھہ،سی ای او رائل روڈیل کلب شکیل الرحمان، سندھ ٹین پن باؤلنگ کے سیکریٹری جنرل اور ٹورنامنٹ ڈائرکٹر علیم آغا اورجیلانی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سرپرست خرم جیلانی اعزازی مہمان تھے۔
رائل روڈیل کلب ڈیفنس میں پاکستان باؤلنگ فیڈریشن کی زیر نگرانی اور سندھ ٹین پن باؤلنگ کی میزبانی میں پاکستان اوپن چیمپئن شپ کے آخری روزگرینڈ ماسٹر سنگلز اور فور مین ٹیم ایونٹ کے فائنل راؤنڈز کھیلے گئے۔
نتائج کے مطابق گرینڈ ماسٹر کے فائنل راؤنڈ میں دانیال شاہ نے 6 گیمز کے بعد 3579اسکور کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی اور نئے چیمپئن بننے کا اعزازحاصل کیااور اس تھ ہی ڈبل کراؤن بھی مکمل کیا۔
علی نعمان نے 3495کے اسکور کے ساتھ دوسری جبکہ عمیر نے 3303کے اسکور کے ساتھ تیسری پوزیشن پر قبضہ جمایا۔ذیشان نے 3260کے اسکور کے ساتھ چوتھی،علی سوریا نے 3258کے اسکور کے ساتھ پانچویں،
فرحان ریاض نے 3251کے اسکور کے ساتھ چھٹی،شبیر نے 3235اسکور کے ساتھ ساتویں،فیصل فیروز نے3209اسکور کے ساتھ آٹھویں،ایان نے3175کے اسکور کے ساتھ نویں اور وقاص نے 3108کے اسکور کے ساتھ دسویں پوزیشن پائی۔
فور مین ٹیم ایونٹ میں علی نعمان،ایان،سکندر حیات اور معیز پر مشتمل اسکواڈ نے دو راؤنڈز میں 1612اسکور کے ساتھ کیٹیگری ایونٹ اپنے نام کیا۔
زیشان، فیصل فیروز،رانا افضل اور وسیم پر مشتمل اسکواڈ نے 1420پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ علیم آغا،مشتاق بابو،وقاص اور فرحان پر مشتمل اسکواڈ نے 1353پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
فائنل راؤنڈز کے بعد رنگا رنگ اور پروقار اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔مہمان خصوصی ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی کے کرنل (ر) تنویر حسین نے تمام کیٹیگریز کے فاتح اور رنر اپ کھلاڑیوں کو نقد انعامی رقم،ٹرافیز اور شیلڈز دیں،
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ باؤلنگ کے کھیل کی اپنی ایک خوب صورتی اور دل کشی ہے،فائنلز میں کھیل کا اعلیٰ معیار دیکھنے میں آیا جس سے لگتا ہے کہ پاکستان میں بھی باؤلنگ کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے،
میں منتظمین کو شاندار ایونٹ منعقد کرنے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں اور کامیاب کھلاڑیوں کے مستقبل کے لئے دعا گو ہوں۔سی ای او رائل روڈیل کلب شکیل الرحمان کا کہنا تھا کہ اس کھیل کی ترویج میں ہمارے کلب کا بھی اہم کردار ہے،
ہماری کوشش ہو گی کہ مستقبل میں بھی یہاں اس طرز کے قومی ایونٹس کے لئے پنی خدمات پیش کریں،پاکستان اور سندھ ٹین پن باؤلنگ کے کھلاڑیوں کے لئے ہمارا کلب بھر پور تعاون کرے گا۔
سندھ ٹین پن باؤلنگ کے سیکریٹری جنرل اور ٹورنامنٹ ڈائرکٹر علیم آغاکا کہنا تھا کہ نویں پاکستان اوپن ٹین پن باؤلنگ کا کامیاب انعقاد یقینی طور پر ہماری اور ہمارے ساتھیوں کی بھر پور کامیابی ہے،
یہ ایک شاندار ایونٹ تھا جس میں کئی کٹیگریز میں مقابلے ہوئے،اس ایونٹ کا کامیاب بنانے میں میڈیا کے دوستوں نے بھی بھر پور تعاون کیا جس کے لئے میں ان کا بھی مشکور ہوں۔چیمپئن شپ میں کھیل کا معیار بہت اعلیٰ تھا یہی وجہ تھی کہ دانیال شاہ نے پرفیکٹ اسکور کیا۔
مجموعی طور پر تمام کھلاڑیوں کے بہترین کھیل نے اس پاکستان اوپن چیمپئن شپ کو کامیاب بنا یا۔ انہوں نے رائل روڈیل کلب کی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے ا س امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی یہاں نیشنل اور سندھ لیول کے ایونٹس کا انعقاد ہوگا۔
واضح رہے کہ اس میگا باؤلنگ ایونٹ میں قوت سماعت سے محروم مرد وخواتین،گریڈڈ کھلاڑی،ویمنز،اوپن سنگلز،اوپن ڈبلز،فور مینز،گرانڈ ماسٹرز،سینئرز فورٹی پلس کے مقابلے شامل تھے،
چیمپئن شپ میں ملک بھر سے170سے زائد پروفیشنلز اور امیچرز کھلاڑیوں نے مختلف کیٹیگریز میں شرکت کی۔