اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان نے ساؤتھ ایشین سینئر جوڈو چیمپئن شپ کے ٹیم ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیت لیا جبکہ ٹیم ایونٹ کے خواتین مقابلوں میں پاکستان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ گزشتہ روز نیپال کے شہر کٹھمنڈو میں کھیلے گئے ٹیم ایونٹ کے مقابلوں میں پاکستان نے بنگلا دیش کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی اور سیمی فائنل میں نیپال کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی تاہم فائنل میں بھارت نے پاکستان کو شکست سے دوچار کیا اور ٹیم ایونٹ میں پاکستان نے مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کر کے چاندی کا تمغہ جیت لیا ہے۔
ایونٹ کے خواتین ٹیم ایونٹ کے مقابلوں میں پاکستان نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تاہم سیمی فائنل میں انہیں بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ قبل ازیں پاکستان نے بنگلا دیش کو شکست دے کر سیمی تک رسائی حاصل کی تھی تاہم سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان نے ٹیم ایونٹ میں خواتین کے مقابلوں میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ قبل ازیں انفرادی مقابلوں میں پاکستان نے دو طلائی، تین چاندی اور تین کانسی کے تمغے حاصل کئے تھے۔