نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ:آرمی کے آٹھ مرد اور سات خواتین باکسرز فائنل میں پہنچ گئے
نیوی کے پانچ،ایچ ای سی،واپڈا اوربلوچستان کے دودو باکسر بھی ٹائٹل کی فائٹ کے لئے کامیاب
نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ:آرمی کے آٹھ مرداور سات خواتین باکسرز فائنل میں میں پہنچ گئے
نیوی کے پانچ،ایچ ای سی،واپڈا اوربلوچستان کے دودو باکسر بھی ٹائٹل کی فائٹ کے لئے کامیاب
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان آرمی کے آٹھ مرد اور سات خواتین باکسرز نے نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کے فائنلز کے لئے کوالیفائی کر لیا،نیوی کے پانچ،ایچ ای سی اوربلوچستان کے دو باکسرز فائنل میں پہنچ گئے، آزاد جموں کشمیر کی کومل خلائق بھی اپ سیٹ کرتے ہوئے فائنل میں پہنچ گئیں۔
فائیو کور ہیڈ کوارٹر آرمی کراچی کے زیر انتظام اور فٹنس اینڈ اسپورٹس ڈائرکٹوریٹ جی ایچ کیو،پاکستان باکسنگ فیڈریشن اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے اشتراک سے جاری41ویں نیشنل ایلیٹ مینز اور پانچویں ویمنز نیشنل باکسنگ چیمپئن کے چوتھے روزسیمی فائنلز کھیلے گئے،
جن میں سخت اور سننی خیز مقابلوں کے بعد باکسر ز نے کامیابی حاصل کی۔کے پی ٹی کے خوب صورت اور تاریخی اسپورٹس جمنازیم میں کھیلے گئے
سیمی فائنل مقابلوں کے نتائج کے مطابق ویمنز 60کلوگرام کے سیمی فائنلز میں پنجاب کی لوہرا اکرم نے پی اے ایف کی بشریٰ بی بی کو سخت مقابلے کے بعد پوائنٹس کی بنیاد پر شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا
جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بھی کانٹے کا مقابلہ دیکھنے میں آیا جس میں آرمی کی مہرین بلوچ نے واپڈا کی عروج کوسنسنی خیز باؤٹ کے بعد زیر کر کے ٹائٹل میچ میں جگہ بنائی۔
48کے جی میں نیوی کی گوہر تاج نے ایچ ای سی کی آمنہ کو اور آرمی کی ام البنین نے پنجاب کی ثنا کو ہرا کر فائنل میں نشست کنفرم کی۔
51کلوگرام کے پہلے سیمی فائنل میں آرمی کی ماریہ رند نے سخت مقابلے کے بعدواپڈا کی اقرا کو اور نیوی کی مریم نے پی اے ایف کی سحرش کو مات دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔
ویمنز54کے جی کے سیمی فائنلز میں آرمی کی ملائکہ زاہد نے نیوی کی گل جبیں کو آسانی سے ہرا دیا تاہم دوسرے سیمی فائنل میں ایچ ای سی کی شہزادی سخی نے واپڈا کی صاحب یوسف کو ابتداہی سے تابڑ توڑ مکوں کی زد پر رکھ لیا،
دوسرے راؤنڈ میں صاحب یوسف نے جم کر مقابلہ کیا تاہم تیسرے راؤنڈ میں شہزادی سخی ایک بار پھر حاوی رہیں اور پوائنٹس کی بنیاد پر کامیابی سمیٹ کر فائنل میں جگہ بنالی۔
57کے جی میں پی اے ایف کی بشریٰ اختر نے پنجاب کی عروہ نہال کو اور آرمی کی فاطمہ زہرہ نے بلوچستان کی کبریٰ کو شکست دے کر فائنل کے لئے جگہ بنائی۔
65 کلوگرام میں آزاد جموں کشمیر کی کومل خلائق نے ایچ ای سی کی شجیہہ اسماعیل کو اپ سیٹ کرتے ہوئے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں آرمی کی دعا زہرہ نے نیوی کی معظمہ علی کو شکست دی اور ٹائٹل فائٹ کی حق دار بنیں۔
70کے جی میں واپڈا کی اقرا نے بلوچستان کی زینت کو اور آرمی کی سارہ نے ایچ ای سی کی ماریہ کو ہرا دیا اور فائنل میں پہنچ گئیں۔ مردو ں کے 50کلوگرام کے سیمی فائنل میں بلوچستان کے اصغر علی نے ریلوے کے امیر محمد کو اور آرمی کے ایم فہیم نے کے پی ٹی کے عبدالباسط کو،
55کے جی میں آرمی کے قدرت اللہ نے سخت مقابلے کے بعد واپڈا کے سمامہ کو اور بلوچستان کے شعیب نے پی اے ایف کے امیر حمزہ کو،
60کلوگرام میں پولیس کے نوید اشرف نے بلوچستان کے عبدالحمید کو اور آرمی کے ابراہیم نے خیبر پختونخوا کےاعجازخان کو، 65کلوگرام میں آرمی کے ابرار علی نے خیبر پختونخوا کے حسن غنی کو اور نیوی کے افضل خان نے واپڈا کے نقیب کو سخت مقابلے کے بعد پوائنٹس کی بنیاد پر شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔
70کلوگرام مینز کے پہلے سیمی فائنل میں نیوی کے تبارک الزی نے واپڈا کے جواد کو اور آرمی کے گل زیب نے ایچ ای سی کے اسرار احمد کو،75کلوگرام میں آرمی کے سیف المنان نے نیوی کے جواد کو اور ایچ ای سی کے جواد احمد نے خیبر پختونخوا کے حمزہ خان کو،
80کلوگرام کے سیمی فائنلز میں آرمی کے احسان اللہ نے پولیس کے محمد وسیم کو اور واپڈا کے عامر خان نے کے پی ٹی کے داؤد کو زیر کر کے فائنل میں جگہ بنائی۔
85کے جی میں آرمی کے زیشان علی نے واپڈا کے عبدالظاہر کو اور نیوی کے تنویر علی نے سندھ کے اشہدکو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔